نیب سیاسی جماعت بنا کر عمران نیازی کی جماعت سے الحاق کر لے، حمزہ شہباز

ویب ڈیسک  بدھ 22 مئ 2019
جب بھی ملک کی تاریخ لکھی جائے گی اس میں نیب سر فہرست ہو گی، حمزہ شہباز فوٹو: فائل

جب بھی ملک کی تاریخ لکھی جائے گی اس میں نیب سر فہرست ہو گی، حمزہ شہباز فوٹو: فائل

لاہور  : مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیب سیاسی جماعت بنا کر عمران نیازی کی جماعت سے الحاق کر لے۔

لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پتہ نہیں روپے کی کہاں تک بے قدری ہو گی اور اس کی وجہ سے پورے ملک پر بے یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔ ملک کی معاشی کشتی بیچ سمندر ہچکولے کھا رہی ہے اور ڈوب رہی ہے ۔ انٹر نیشنل مانیٹرنگ ایجنسیز نے ڈکلیئر کر دیا ہے کہ پاکستانی روپیہ نیپال اور بنگلا دیش بلکہ پورے خطے میں ڈالر کے مقابلے میں کم ترین سطح پر گرگیا ہے۔ پاکستان میں روپیہ اتنا نہیں گرا جتنا نیازی حکومت کے دور میں گرا ہے ۔ اس سے پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھنی چاہئیں لیکن روپے کی گراوٹ کے باوجود یہ منفی ہیں۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں 300 فیصد اضافہ کر دیا گیا ، ادویات 400 فیصد مہنگی ہو گئی ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ آج مزدور ، مل والا، ریڑھی والا اور تاجر پریشان ہے لیکن نااہل وزیراعظم کہتا ہے کہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ یہاں کچھ ٹھیک ہونے والا نہیں کیونکہ یہاں پر نااہلوں اورجھوٹوں کی سرکار ہے۔ کبھی الزام تراشیاں ،کبھی قوم سے جھوٹ بول کر یوٹرن لیا۔ جب ملک معاشی طو رپر کمزور ہوں تو قومیں ڈوب جاتی ہیں اور موجودہ دور میں امید کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی۔ سونے پر سہاگہ ہے کہ نیب کارروائیاں کر رہاہے، چیئرمین نیب کا انٹرویو اگر حقیقت ہے تو بہت شرمناک ہے۔ اگر آپ نے پریس کانفرنسز اور انٹرویوز دینے ہیں تو سیاسی جماعت بنا لیں اور اس کا الحاق عمران نیازی کی جماعت سے کر لیں اور رہی سہی کسر بھی پوری ہو جائے گی ۔ آپ تاجروں کو نوٹس دیتے ہیں، بیورو کریٹس کو نوٹس دئیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے پورے ملک میں نظام منجمد ہو گیا ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کے فیصلے میں لکھا گیا کہ نواز شریف کی ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، نیب نے شہباز شریف کو عقوبت خانے میں رکھا گیا لیکن ہائی کورٹ کا فیصلہ سب کےسامنے ہے ،انشا اللہ ہم عوام کی نظروں میں سرخرو ہوں گے۔ دعوے سے کہتا ہوں کہ جب بھی ملک کی ڈوبتی معیشت کی تاریخ لکھی جائے گی اس میں نیب سر فہرست ہو گی، نیب نیازی گٹھ جوڑ سر فہرست ہوگا۔ مجھے نیب کی گرفتاری کا ڈر نہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج ایک ریڑھی والا والے کی بچی بھوک سے بلک رہی ہے، ایک غریب اپنی ماں کو دوائی نہیں لے کر دے سکتا، خدارا قوم پر رحم کرو، آپ نے بڑے جھوٹ بول لئے اور الزام تراشی کر لی ۔تم نے کنٹینر پر چڑھ کر عوام کو سبز باغ دکھائے اب تمہارا یوم حساب آنے والا ہے، ہم تمہیں نیب کے پیچھے نہیں چھپنے دیں گے، تم نے قوم کو مہنگائی کے زخم لگائے ہیں اور تمہیں قوم کو مہنگائی کی بھٹی میں پھینکنے کا حساب دینا ہوگا۔ شہباز شریف جلد واپس آئیں گے ، ہم مشرف دور میں بھی نہیں بھاگے۔ تم نااہل ،نالائق اور کھلنڈرے ہو ہم تم سے نہیں ڈرتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔