فوڈ سبسڈی بل کی منظوری بھارتی مالیاتی منڈیاں گر گئیں

بھارتی روپے کی قدر 2.73 فیصد کی بدترین کمی سے 66.07 کی نئی نچلی ترین سطح پر آ گئی


AFP August 28, 2013
مرکزی بینک کی مداخلت کے باوجود بھارتی روپے کی قدر نئی کم ترین سطح پر آگئی. فوٹو: فائل

بھارت میں خوراک پر بھاری سبسڈیز دیے جانے کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس کے سرکاری خزانے پر دبائو سے بھارتی کرنسی اور حصص مارکیٹس میں افراتفری پھیل گئی۔

مرکزی بینک کی مداخلت کے باوجود بھارتی روپے کی قدر نئی کم ترین سطح پر آگئی جبکہ حصص مارکیٹ میں بھی بدترین مندی دیکھی گئی۔ ڈیلرز کے مطابق صرف منگل کو بھارتی روپے کی قدر میں2.73 فیصد کمی ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے، سہ پہر میں بھارتی روپے کی قدر امریکی ڈالر کے مقابل 66.07 یونٹ تک گرگئی جبکہ اس سے قبل بھارتی کرنسی کے مقابل امریکی ڈالر کی بلند ترین سطح 65.56 روپے تھی، بھارتی مرکزی بینک نے روپے کی قدر کو بچانے کے لیے مارکیٹ میں مداخلت کی اور بھارتی روپے کی قیمت 65.90 کی سطح تک آنے پر ڈالر کی فروخت شروع کردی مگر اس کا فائدہ نہ ہوا۔



دوسری طرف بھارتی حصص مارکیٹ میں فروخت پر شدید دبائو کے نتیجے میں بنچ مارک سنسیکس انڈیکس3.18فیصد کی کمی سے 17968.08 پوائٹس پر آگیا جبکہ سرمایہ کاری کے لیے محفوظ سمجھی جانے والی قیمتی دھات سونے کے نرخ بڑھ گئے۔ یاد رہے کہ بھارت کی کانگریسی حکومت نے غریبوں کو خوراک پر کھربوں روپے کی سبسڈی دینے کااعلان کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارتی حکومتی خزانے پر اس فوڈ سبسڈی کی وجہ سے سالانہ 19 ارب ڈالر کا بوجھ پڑے گا۔