بحالی پروگرام سلمان بٹ نے دستاویزات پر دستخط کر دیے

سلمان بٹ نے پی سی بی کی ویجیلنس کمیٹی سے ملاقات میں مکمل تعاون کیلئے دستیابی ظاہر کردی


Sports Reporter August 28, 2013
پی سی بی کی ویجیلنس کمیٹی سے ملاقات میں مکمل تعاون کیلیے دستیابی ظاہر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سابق کپتان سلمان بٹ نے بھی آئی سی سی اور پی سی بی کے بحالی پروگرام کی دستاویزات پر دستخط کر دیے۔

انھوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بورڈ کی ویجیلنس کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں باقاعدہ طور پر اپنی دستیابی ظاہر کردی، اس سے پہلے آصف اور عامر بھی یہ قدم اٹھا چکے ہیں، تینوں کرکٹرز 2010 کے لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہوئے تھے۔ میڈیا سے بات چیت میں سلمان بٹ نے کہاکہ پی سی بی کی ویجیلنس کمیٹی کے سربراہ کرنل اعظم سے ملاقات میں دستاویزات پر دستخط کرکے پی سی بی کو بحالی پروگرام کیلیے اپنی دستیابی ظاہر کر دی، اب ان پر منحصر ہے کہ وہ کب سے عمل درآمد کراتے ہیں۔



سابق کپتان نے کہاکہ ہم پر انٹرنیشنل کرکٹ کی پابندی تاحیات نہیں بلکہ مخصوص وقت کیلئے لگائی گئی، امید ہے کہ سزا میں کمی کے بعد کم از کم ڈومیسٹک میچز کھیلنے کی اجازت مل جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ میں پی سی بی اور آئی سی سی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہا ہوں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھوں گا،کرکٹ میں واپسی میرا سب سے بڑا مقصد ہے جس کیلیے ملنے والی تمام تر ہدایات پر عمل کروں گا۔