سونے کی قیمت میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ

صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے بڑھ کر 70 ہزار 600 روپے ہوگئی۔


ویب ڈیسک June 01, 2019
دس گرام سونے کی قیمت514 روپے اضافے کے ساتھ 60528 روپے ہوگئی۔ فوٹو: فائل

فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپے بڑھ کر 70 ہزار 600 روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ چند روز سے انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے، تاہم امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید مستحکم ہونے کے باوجود سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں آج بھی فی تولہ اور دس گرام تولے کی قیمت بالترتیب 600 روپے اور 514 روپے بڑھ گئی ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونےکی قیمتوں کو پر لگے ہیں اور گزشتہ روز بھی فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر بڑھ کر 1297 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی تھی اور آج بھی اس میں مزید اضافہ دیکھا گیا اور فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر بڑھ کر 1306 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کے اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 70 ہزار 600 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 60 ہزار 514 روپے ہوگئی ہے۔