بااثر افراد کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر گوٹھ مکینوں کامظاہرہ

جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے، مظاہرین


Numainda Express August 31, 2013
مظاہرین نے بتایا کہ اس واقعے کے خلاف متعلقہ تھانے میں درخواست دی لیکن پولیس نے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا ہے. فوٹو: شاہد علی / ایکسپریس

گوٹھ ملوک ملاح ٹنڈو جام کے رہائشیوں نے انصاف و تحفظ کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بااثر افراد کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

احتجاج کرنے والے مرد و خواتین نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل علاقے کے بااثر افراد گل شیر ملاح اور عیدن ملاح سمیت دیگر افراد رجو کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر وہاں موجود مسمات مینا سے زیادتی کی کوشش کی لیکن مینا کی مزاحمت اور شور مچانے پر مذکورہ افراد سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔



مظاہرین نے بتایا کہ اس واقعے کے خلاف متعلقہ تھانے میں درخواست دی لیکن پولیس نے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا ہے اور وہ آزاد گھوم رہے ہیں اور انھیں کیس ختم نہ کرنے کی صورت میں مینا کو اغوا اور اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن پولیس اس کے باوجود انھیں گرفتار نہیں کررہی ہے جس کے باعث مینا اور اس کے اہل خانہ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بااثر افراد کو گرفتار کرکے انھیں انصاف وتحفظ فراہم کیا جائے۔