یوایس اوپن ثانیہ مرزا کی کوارٹر فائنل میں رسائی

چینی جوڑی دار کا ساتھ راس آگیا، نڈال اور راجرفیڈرر کی پیشقدمی بھی جاری


Sports Desk September 02, 2013
ٹومی روبریڈو نے انگلش امیدوں کا چراغ گل کردیا، آذرنیکا اور ہنچووا کامیاب۔ فوٹو: اے ایف پی /فائل

SUKKUR: بھارتی ٹینس کوئن ثانیہ مرزا اور ان کی چینی جوڑی دار ژینگ ژی نے یوایس اوپن ویمنز ڈبلز کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

مینز سنگلز میں رافیل نڈال ،راجرفیڈرر اور ڈیوڈ فیرر نے تیسرا مرحلہ عبور کرلیا، ٹومی روبریڈو نے انگلش امیدوں کا چراغ گل کردیا، ویمنز سنگلز میں وکٹوریا آذرنیکا اور ڈنیلا ہنچووا نے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں نشست محفوظ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن میں بھارتی ٹینس کوئن ثانیہ مرزا اور ان کی چینی جوڑی دار ژینگ ژی نے ویمنز ڈبلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، انھوں نے تیسرے راؤنڈ میں جرمنی کی اینالینا گرونفیلڈ اور کویٹا پشکے کیخلاف 6-2، 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔



مینز سنگلز میں سیکنڈ سیڈ رافیل نڈال نے کروشین حریف ایوان ڈوڈگ کو 6-4، 6-3 ،6-3 سے مات دیکر پری کوارٹر فائنل میں رسائی پالی، تھرڈ راؤنڈ کے دیگر میچز میں ان کے ہموطن اور فورتھ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے قازقستان کے میخائل کوکوشین کو 6-4، 6-3، 4-6 اور6-4 سے قابو کرلیا، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے فرانس کے ایڈرین میناریو کو 6-3، 6-0 اور 6-2 سے ٹھکانے لگایا، جون اسنر کی پیشقدمی جرمن پلیئر فلپ کوہل شریبر کے ہاتھوں ختم ہوگی، انھوں نے مقابلہ 6-4، 3-6، 7-5 اور 7-6(7/5) سے اپنے نام کیا، رچرڈ گیسکوئٹ نے روسی حریف دیمیتری ترسنوف کیخلاف فتح پائی۔

ان کے حریف 6-3، 2-6، 6-4 اور 4-2 کے اسکور پر گروئن انجری کے سبب مقابلہ جاری نہیں رکھ پائے، ٹومی روبریڈو نے ابھرتے ہوئے برطانوی اسٹار ڈینیئل ایوانز کو واپسی کا پروانہ تھمادیا، ان کی جیت کا اسکور 7-6(8/6)، 6-1، 4-6 اور 7-5 رہا۔ ویمنز سنگلز تھرڈ راؤنڈ مقابلوں میں بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا نے فرنچ پلیئر آلیز کورنیٹ کو 6-7(2/7)، 6-3 اور 6-2 سے مات دے دی، سلواکین پلیئر ڈنیلا ہنچووا نے جولیا گلیشکو پر 3-6، 7-5، 7-6 (7/4) سے غلبہ پایا، سیمونا ہالیپ نے ماریا کریلنکو کو 6-1، 6-0 سے رخصت کردیا، آل اٹالین مقابلے میں روبریٹا ونسی نے کیرن کنیپ کو 6-4، 6-3 سے شکست دے دی۔