سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ میچز کی ڈبل سنچری کے لیے تیار

چیمپئن اب تک 198 مقابلوں میں 53.86 کی اوسط سے15,837رنز بناچکے ہیں


Sports Desk September 02, 2013
چیمپئن اب تک 198 مقابلوں میں 53.86 کی اوسط سے15,837رنز بناچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بھارت کے مایہ ناز پلیئر سچن ٹنڈولکر 200 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلیے تیار، چیمپئن بیٹسمین اب تک 198 ٹیسٹس کھیل چکے ہیں، ویسٹ انڈیز کیخلاف مجوزہ سیریز میں ٹنڈولکر اس تاریخی سنگ میل کو عبور کرلیں گے، وہ سیریز کے بعد کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے اسٹار بیٹسمین سچن ٹنڈولکر ہوم گراؤنڈ پر 200 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلیے تیار ہیں، بی سی سی آئی اس سلسلے میں جنوبی افریقہ کے دورے سے قبل ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک سیریز کے انعقاد کی کوشش کررہی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے مجوزہ دورے میں دو ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچز شامل ہوں گے،اس بابت بی سی سی آئی کے ایک اہم آفیشل کا کہنا ہے کہ ہم نے اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو ایک تجویز بھیجی ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ ہم سیریز کی شرائط طے کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ٹنڈولکر کو ملکی شائقین کے سامنے 200 واں ٹیسٹ میچ کھیل کر اس تاریخی سنگ میل کو مکمل کرنے کا موقع فراہم کریگی، ممبئی اور کولکتہ ان ممکنہ میچز کے وینیوز ہوسکتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ بی سی سی آئی کی ٹورز اینڈ فکسچرز کمیٹی کرے گی۔



قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ٹنڈولکر اس سیریز کے بعد کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکتے ہیں۔ چیمپئن بیٹسمین اب تک 198 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں جن میں انھوں نے 53.86 کے تناسب سے 15 ہزار 837 رنز اسکور کیے ہیں۔طویل مدت سے سب سے زیادہ رنز بنانیوالے ٹنڈولکر نے پانچ روزہ فارمیٹ میں 51 سنچریاں بنائی ہیں۔ ایک روزہ میچز اور ٹوئنٹی 20 سے ریٹائرڈ ہونیوالے ٹنڈولکر 50 اوورز کے 463 گیمز میں 44.83 کے تناسب سے 18 ہزار 426 رنز اسکور کرچکے ہیں۔

اس دوران انھوں نے 49 سنچریا ں بنائی ہیں۔ بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا ہے کہ ورکنگ کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے ساتھ سیریز پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جس کیلیے بھارت کو کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے تجویز کردہ پروگرام کو مسترد کرنے کے بعد حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے۔