میرے لئے جیلیں نئی نہیں حمزہ شہباز

نیب کرپشن کا ایک ثبوت بھی لے آئے تو سیاست چھوڑ دوں گا، حمزہ شہباز


ویب ڈیسک June 11, 2019
نیب کرپشن کا ایک ثبوت بھی لے آئے تو سیاست چھوڑ دوں گا، حمزہ شہباز فوٹوفائل

قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی میں نے نیب کو چیلنج کیا تھا کہ کرپشن کا ایک ثبوت لے آئیں میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد رہنما مسلم لیگ(ن)اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا بیان سامنے آیا ہے۔ حمزہ شہبازنے لاہور ہائیکورٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نے پاکستانی قوم کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، اللہ کی ذات بڑی ہے، میں بہت گناہ گار ہوں میں نے نیب کو چیلنج کیا تھا کہ کرپشن کا ایک ثبوت لے آئیں میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نیب نے حمزہ شہباز شریف کو گرفتار کرلیا

حمزہ شہباز نے کہا کل زرداری صاحب گرفتار ہوئے مگر مشیر اطلاعات ایک دن پہلے ہی کہتی ہیں کہ کل زرداری صاحب گرفتار ہوجائیں گے، میرا سوال یہ ہے کہ میرے بارے میں نیب چیئرمین فرمودات دے چکے ہیں کہ مجھے گرفتار کرنا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا میرے لئے جیلیں نئی نہیں ہیں، میں پاکستانی قوم کے لئے سوال چھوڑ کر جارہا ہوں کہ آج پاکستانی قوم یہ دیکھے چیئرمین نیب کے جاوید چوہدری کو انٹرویو کے مطابق بدنیتی پر مبنی خواہش پوری ہوتی ہے یا حمزہ شہباز کو انصاف ملتا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا ‏نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ آج ثابت ہوگیا ہے میرے اللہ پر مُجھے بھروسہ ہے۔

گفتگو کے آخر میں حمزہ شہباز نے فیض احمد فیض کا شعر پڑھا ''جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا وہ شان سلامت رہتی ہے، یہ جان تو آنی جانی ہے اس جاں کی تو کوئی بات نہیں۔''

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت خارج کرنے کے بعد نیب نے انہیں گرفتار کرلیا۔