کرکٹ ورلڈ کپ؛ پاکستان کا آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 12 جون 2019
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فوٹو : فائل

قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فوٹو : فائل

ٹاؤنٹن: کرکٹ ورلڈکپ کے سترھویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اسپنر شاداب خان کی جگہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے میچ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک بار پھر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، اب تک ایونٹ میں 3 میچز بارش کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں جس میں سے ایک میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانا تھا۔

دونوں ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں 3،3 میچز کھیلے ہیں، پاکستان کو پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑٓا تھا تاہم انگلینڈ سے مقابلے میں قومی ٹیم نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کو شکست دی جب کہ سری لنکا سے میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

آسٹریلیا نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی تاہم تیسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں کینگروز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔