فنڈز کی عدم فراہمی سے مچھر مار اسپرے مہم بند

گاڑیوں اور اسپرے مشینوں کیلیے ڈیزل دستیاب نہیں، محکمہ صحت نے حکومت سے ایک کروڑ روپے طلب کرلیے.


Staff Reporter September 03, 2013
ڈنگی وائرس کے خلاف انتہائی موثر نئی دوا ٹیل فاسٹ منگوائی جائے گی، جلد اسپرے مہم میں استعمال ہوگی،اجلاس میں سرویلنس سیل کے سربراہ کی سرزنش (فوٹو ایکسپریس)

صوبائی محکمہ صحت نے کراچی میں انسداد ڈینگی اسپرے مہم کیلیے حکومت سندھ سے ایک کروڑ روپے طلب کیے ہیں۔

انسداد ڈنگی اسپرے مہم میں استعمال کی جانے والی گاڑیوں اور اسپرے مشینوں میں ڈیزل نہ ہونے پر سیکریٹری صحت نے محکمہ خزانہ کو فنڈز کی فراہمی کیلیے مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ڈنگی وائرس اورمچھروں کے خاتمے کی اسپرے مہم شروع کرنا ہے لیکن اسپرے مہم کے دوران گاڑیوں اور اسپرے مشینوں کے لیے ڈیزل دستیاب نہیں جس کی وجہ سے مہم روک دی گئی ہے اور مہم کو شروع کرنے کیلیے گاڑیوں میں ڈیزل کیلیے ایک کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ کراچی میں جراثیم کش اسپرے مہم شروع کی جاسکے۔

سیکریٹری صحت جام انعام اللہ دھاریجو پیر کو محکمہ خزانہ کو مکتوب روانہ کیا ہے انھوں نے بتایاکہ شہرکے18ٹاؤنزمیں بلدیہ کی24 گاڑیاں ہیں جن کو چلانے کیلیے ڈیزل دستیاب نہیں جس کی وجہ سے جراثیم کش ادویات اسپرے مہم روک دی گئی ہے لہٰذا اسپرے مہم شروع کرنے کیلیے فوری ایک کروڑ روپے جاری کیے جائیں، واضح رہے کہ کراچی میں بلدیہ عظمیٰ دعووں کے باوجود جراثیم کش اسپرے مہم شروع نہیں کرسکی جس کی وجہ سے کراچی میں ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوںکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 10مریض ڈنگی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔



جبکہ کراچی میں900 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں،صوبائی محکمہ صحت نے کراچی کے 6 ٹاؤنز میں اسپرے مہم اپنی مدد آپ کے تحت شروع کی ہے جہاں سب سے زیادہ ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریض رپورٹ ہورہے ہیں،دریں اثنا شہر میں ڈنگی وائرس کے خاتمے کیلیے نئی دوا منگوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈنگی وائرس کا سبب بننے والے مچھروں کے خاتمے کیلیے نئی دوا ٹیل فاسٹ استعمال کی جائے گی اور نئی دوا سے اسپرے شروع کیا جائے گا،حکام نے ڈنگی سرویلنس سیل کے سربراہ کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سرویلینس سیل کا کام صرف اخبارات کو چند اسپتالوں کے اعداد وشمارجاری کرنا نہیں بلکہ سیل کے سربراہ حکومتی اقدامات سے عوام اور صحافیوں کو آگاہ بھی کریں ، اس بات کا فیصلہ پیرکوکراچی میں ڈنگی وائرس کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ۔

جس میں محکمہ صحت ، بلدیہ عظمیٰ، ادارہ فراہمی و نکاسی آب، ملیریا کنٹرول پروگرام، ای ڈی اوہیلتھ، ڈنگی سرویلینس سیل سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی اجلاس کمشنر کراچی کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ڈنگی سرویلنس سیل کے سربراہ ڈاکٹر شکیل ملک کو ہدایت دی گئی کہ وہ اخبارات کو درست اور بروقت اطلاع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کریں اور ہر 15دن بعد پریس بریفنگ کا اہتمام کریں، اجلاس میں صوبائی محکمہ صحت کے ایک افسر نے کمشنرکراچی کو بتایاکہ ڈنگی وائرس کے خاتمے کیلیے بیرون ملک سے نئی دوا ٹیلی فاسٹ منگوائی گئی ہے۔

یہ دوا ڈنگی وائرس کے خاتمے کیلیے انتہائی موثر ہے، جو اب اسپرے مہم میں استعمال کی جائے گی،محکمہ صحت کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ نئی دوا ٹیل فاسٹ ڈنگی وائرس کاسبب بننے والی ایڈیزایجپٹی مادہ مچھروں کے انڈوں سے نکلنے والے لاروے کوختم کرنے کیلیے انتہائی موثر ہے، جلد ہی نئی دوا سے اسپرے مہم شروع کی جائے گی، اس سے قبل جراثیم کش اسپرے مہم میں ڈیلٹا میتھرین دوا استعمال کی جاتی تھی جو موثر ثابت نہیں ہورہی تھی۔