میر رضا کیس میں الیکٹرانک آلات کے لائیو فرانزک معائنے کی اجازت دے دی گئی

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو میر رضا کیس کی سماعت ہوئی۔


ناصر بٹ November 13, 2026

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے میر رضا کیس میں الیکٹرانک آلات کے لائیو فرانزک معائنے کی اجازت دیدی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو میر رضا کیس کی سماعت ہوئی۔

نئے تفتیشی افسر نے میر رضا اور احمد بھاردے کے الیکٹرانک ڈیوائسز کی لائیو فرانزک جانچ کی اجازت طلب کرتے ہوئے درخواست دائر کردی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ پنجاب فرانزک سائینس ایجنسی اور این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری فرانزک رپورٹس کا جائزہ لیا جاچکا ہے۔ جے آئی ٹی اور اہل خانہ کی تجویز ہے کہ الیکٹرانک آلات کا لائیو فرانزک معائنہ زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے لائیو ٹیسٹ سے ملزمان کے خلاف مزید شواہد سامنے آئیں۔

لائیو انٹرنیٹ کنکشن قائم کرنے سے ریموٹ کمانڈ یا خودکار اپڈیٹس سے موجود ڈیٹا میں تبدیلی یا ضیاع کا خدشہ بھی موجود ہے۔ میر رضا کے موبائل، اسمارت واچ اور بزنس پارٹنر احمد بھاردے کے موبائل فون کا لائیو فرانزک معائنہ کیا جائے گا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لائیو فرانزک معائنے کے نتائج سے آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے الیکٹرانک آلات کے لائیو فرانزک معائنے کی اجازت دیتے ہوئے سختی سے پروٹوکول پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔