کراچی: گزری میں 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین

واردات کا ڈرامہ رچانے والا اکاؤنٹنٹ ساتھی سمیت گرفتار، رقم بھی برآمد


اسٹاف رپورٹر November 13, 2026

کراچی:

گزری میں 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا، پولیس نے واردات کا ڈرامہ رچانے والے اکاؤنٹنٹ کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ہیلپ لائن مدد گار 15 پر حنیف نامی شخص نے اطلاع دی تھی کہ سلطان مسجد کے قریب بحریہ کے علاقے میں 2 مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان اس سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔

اطلاع موصول ہوتے ہی گزری پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا، ساؤتھ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران مدعی حنیف کے بیان میں متعدد تضادات سامنے آئے جو ایک غیر ملکی خاتون کے ہاں اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ حنیف ایچ بی ایل پلازہ سے رقم نکلوانے کے بعد فیز 7 ایکسٹینشن کی جانب خاتون کی طرف سے ادائیگی کرنے جا رہا تھا۔

دوسری جانب غیر ملکی خاتون نے بھی اکاؤنٹنٹ کے طرزِ عمل پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا جس پر پولیس نے اسے مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا۔

بینک ریکارڈ کی تصدیق سے معلوم ہوا کہ نکلوائی گئی اصل رقم 30,976,600 روپے (تین کروڑ نو لاکھ چھہتر ہزار چھ سو روپے) تھی دورانِ تفتیش مسلسل پوچھ گچھ پر اکاؤنٹنٹ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر رقم ہتھیانے کی غرض سے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے کا اعتراف کیا۔

گرفتار ملزم کی نشاندہی پرپولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا جبکہ اس کے گھر سے چھینی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔

 گزری پولیس نے واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کرتے ہوئے رقم برآمد اور واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کے خلاف تھانہ گزری میں مقدمہ نمبر 538/2026 بجرم دفعات 397، 392 اور 114 کے تحت درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔