اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے لیے ڈیڈ لائن مقرر

‎‎کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں، طلال چوہدری


عامر الیاس رانا November 13, 2026

اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس مں ‎چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ‎‎کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں، ‎وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم سے وعدہ کیا تھا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر اور دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنائیں گے، ‎30 نومبر کے بعد آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ‎‎31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام مرچنٹس کو کیش لیس نظام میں شامل کرنے کا ہدف ہے۔ ‎‎کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس مانیٹرنگ اور لین دین کے نظام میں بہتری آئے گی، ‎‎اسلام آباد میں 26 ہزار مرچنٹس پہلے ہی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہو چکے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ‎‎ریڑھی بانوں سے بڑے کاروباری مراکز تک ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی، ‎‎اسلام آباد کو جدید ڈیجیٹل شہر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں گے۔

‎بینکنگ سیکٹر کے تمام نمائندگان نے کیش لیس اسلام آباد کے حکومتی اقدام کو سراہا۔ نمائندگان کی جانب سے کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراوئی گئی۔