کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ بجلی کی آنکھ مچولی

تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ لسبیلہ بلوچستان سے داخل ہوا، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک June 21, 2019
بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی اور شدید و طویل گرمی کے بعد موسم خوشگوار ہوتے ہی شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی تاہم شہر میں بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ لسبیلہ بلوچستان سے داخل ہوا جس کے بعد سعود آباد، ملیر ہالٹ، ایئر پورٹ، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر، میمن گوٹھ پر تیز بارش شروع ہوگئی جب کہ شارع فیصل، نرسری، کورنگی، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، گارڈن، لیاری ٹاؤن اور کیماڑی کے علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔

تیز بارش اور طوفان کے بعد محمود آباد، شارع فیصل، نرسری، بلدیہ ٹاؤن، ملیر، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ تیز ہواؤں اور طوفان کے باعث کراچی حیدرآباد موٹروے پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، دوسری جانب حیدرآباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور مٹی کے طوفان سے حد نگاہ کم ہوگئی۔