بھارت نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جون 2019
میچ ساؤتھمپسٹن میں کھیلا گیا، فوٹو: سوشل میڈیا

میچ ساؤتھمپسٹن میں کھیلا گیا، فوٹو: سوشل میڈیا

ساؤتھمپسٹن: کرکٹ ورلڈکپ کے 28ویں میچ میں بھارت نے افغانستان کو 11 رنز کے معمولی مارجن سے شکست دے دی۔

ساؤتھمپسٹن میں کھیلے گے میچ میں افغانستان نے بھارت کو ٹف ٹائف دیا، بھارتی بلے بازوں کو دبوچنے کے بعد افغان کھلاڑیوں نے  بولرز کا بھی جم کر مقابلہ کیا  ، کپتان محمد نبی نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر حریف بولرز پر اپنا دباؤ بنایا اور  ٹیم کوجیت کے قریب پہنچایا تاہم آخری اوور میں محمد شامی نے ہیٹ ٹرک کرکے ٹیم کو فتح  دلائی۔

افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی 10،گلبدین نائب 27،رحمت شاہ 36،حشمت اللہ شھیدی21، اصغر افغان 8،نجیب اللہ زردان 21،راشد خان14،آفتاب عالم اورمجیب الرحمان صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ اکرام علیخیل 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں ، انہوں نے رواں ورلڈکپ کی پہلی ہیٹ ٹرک بھی بنائی جب کہ بھمرا،چاہال اور پانڈیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، افغانستان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا اور بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز ہی بنا سکی۔ روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا، روہت صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور راہول نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان ویرات کوہلی نے وجے شنکر کے ساتھ ملکر ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اس دوران ویرات نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ 67 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور وجے شنکر بھی 29 رنز ہی بناسکے۔ ایم ایس دھونی کی اننگز بھی 28 رنز تک محدود رہی۔ کیدار جادیو 52 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی، گل بدین نائب نے 2،2 جب کہ راشد خان، مجیب الرحمان، آفتاب عالم، اور رحمت شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔