بوگس قراردیا گیا بلدیاتی افسر دوبارہ اسی عہدے پر تعینات

لوکل گورنمنٹ نے اقبال شیخ سے متعلق عدالت میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ واپس لے لی


Numainda Express September 06, 2013
اقبال شیخ کے خلاف کالعدم تعلقہ لطیف آباد کے ہی آفیسر عقیل احمد خانزادہ نے محکمے اور عدالت عالیہ سے کارروائی کے لیے رجوع کیا تھا۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ نے سندھ ہائی کورٹ میں کالعدم تعلقہ لطیف آباد کے ایک آفیسر کی جانب سے گریڈ 17 اور 18کو جعلی و بوگس قرار دینے کی اپنی رپورٹ کو اچانک واپس لیتے ہوئے مذکورہ آفیسر کو دوبارہ اس عہدے اور گریڈ پر تعینات کر دیا۔

جس کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک متاثرہ آفیسر نے درخواست دی تھی۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹری علی احمد لوند کی منظوری سے سیکشن آفیسر ون اخلاق احمد خان یوسف زئی نے آرڈر نمبر ایس او ایل۔ ایل جی۔ 12-9 / 2013 جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ محمد اقبال شیخ کی درخواست میں دیے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال اور ذاتی سماعت کے بعد محکمہ اپنا آرڈر مورخہ 12جون 2013 واپس لے کر اقبال شیخ کو ان کی پرانی پوزیشن پر بحال کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ اقبال شیخ کے خلاف کالعدم تعلقہ لطیف آباد کے ہی آفیسر عقیل احمد خانزادہ نے محکمے اور عدالت عالیہ سے کارروائی کے لیے رجوع کیا تھا اور اس سلسلے میں درخواست میں اپیل کی تھی کہ محمد اقبال شیخ کے گریڈ17 اور 18کے پروموشن غیر قانونی ہیں۔



جس پر عدالت عالیہ نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے وضاحت طلب کی تھی جس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ماہ جون میں اقبال شیخ کے پروموشنز کو جعلی و بوگس قرار دے دیا تھا اور وہ لیٹر بھی عدالت عالیہ میں جمع کرا دیا تھا جبکہ عدالت عالیہ نے7 اگست 2013 کو مذکورہ درخواست نمٹا دی، عدالت عالیہ کی جانب سے عقیل خانزادہ کی درخواست نمٹائے جانے کے بعد اب سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے اچانک اقبال شیخ کے پروموشن کو بوگس قرار دینے والے لیٹر کو واپس لے کر اقبال شیخ کو دوبارہ گریڈ اٹھارہ میں تعینات کرنے سے قانونی سقم پیدا ہو گیا ہے۔