پشاورمیں تاریخی قلعہ بالا حصار کو سیاحتی مرکز بنانے کا فیصلہ

احتشام خان  پير 24 جون 2019
وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی، والڈ سٹی اتھارٹی لاہورکی ٹیم کا پشاور کا دورہ

وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی، والڈ سٹی اتھارٹی لاہورکی ٹیم کا پشاور کا دورہ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور کے فن تعمیر کے عظیم شاہکار اور تاریخی قلعہ بالا حصار کی بحالی، تزئین و آرائش اور اسے سیاحوں کا مرکز بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ آرکیالوجی خیبر پختونخوا کے مطابق مستقبل میں قلعہ بالا حصار جو فرنٹیئر کور کا ہیڈ کوارٹر زہے یہاں سے ایف سی کو شاکس منتقل کرنے کی بھی تجویز سامنے آئی ہے۔

عید سے قبل محکمہ آرکیالوجی کے حکام کی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ قلعہ بالا حصار کی بحالی اور سیاحوں کے لیے باقاعدہ طور پر کھولنے کی تجویز سامنے آئی جبکہ ایف سی ہیڈ کواٹرز کو یہاں سے منتقل کرنیکی صورت میں شاکس میں 530 کنال اراضی خریدنے کی تجویز بھی محکمے کی جانب سے دی گئی ہے.

جس میں ایف سی ہیڈ کواٹرز کے لیے خریدی جانیوالی زمین کے لیے آدھے پیسے صوبائی حکومت جبکہ آدھے پیسے ایف سی ادا کرے گی۔ ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق قلعہ بالا حصار کو دنیا بھر میں تاریخی اہمیت حاصل ہے وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ قلعہ بالا حصار کو سیاحتی مرکز بنایا جائے اور مستقبل میں سیاح اس تاریخی قلعے میں روزانہ کی بنیاد پر باآسانی آ جا سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔