کیویز کا ورلڈکپ میں برا دن آج ہوگا، اظہر محمود کو امید

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 26 جون 2019
حسن سخت محنت کررہے ہیں،عامرکی طرح کسی بھی وقت فارم بحال ہو جائے گی
 فوٹو:فائل

حسن سخت محنت کررہے ہیں،عامرکی طرح کسی بھی وقت فارم بحال ہو جائے گی فوٹو:فائل

 لاہور: کیویز کا ورلڈکپ میں برا دن بدھ ہوگا، اظہر محمود نے امیدیں باندھ لیں۔

برمنگھم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ کیویز مسلسل فتوحات کے بعد اچانک ہارنے کی روایت رکھتے ہیں،وہ کئی ایونٹس کے کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں ناکام ہوئے،برا دن کسی ٹیم کا بھی آ سکتا ہے،امید ہے کہ ایسا بدھ کو پاکستان کیخلاف میچ میں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ 1992میں بھی گرین شرٹس کی صورتحال اسی طرح کی تھی،ہر مقابلے میں فتح درکار اور نیوزی لینڈ کا سامنا تھا،ہمیں اب ہر میچ فائنل سمجھ کر کھیلنا ہے، کیویز مسلسل فتوحات حاصل کرتے آرہے ہیں، ان کیخلاف کامیابی کیلیے بولنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی،بیٹنگ کے دوران ٹاپ آرڈر کو رنز بنانا ہوں گے۔

اگر گرین شرٹس بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے صلاحیتوں کا اظہار کریں تو کسی ٹیم کو بھی زیر کرسکتے ہیں۔

بولنگ کوچ نے کہا کہ محمد عامر نے مسلسل محنت سے موزوں لائن اور لینتھ کا راز پالیا،اگر پیسر ابتدا میں ہی ٹیم کیلیے وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تو کیویز کو دباؤ میں لانا آسان ہوجائے گا۔

حسن علی کی مسلسل ناکامیوں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ بیٹسمین ہو یا بولر کیریئر میں برا دور کسی کا بھی ہوسکتا ہے، اسی طرح کی مشکلات کا شکار محمد عامر بھی رہے لیکن فارم میں واپس آچکے ہیں، حسن علی میدان کے اندر اور باہر سخت محنت کررہے ہیں،کسی وقت بھی ان کی فارم بحال ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔