ماسٹرز ٹی 20 لیگ پاکستانی اسٹارز بھی جگمگائیں گے

انضمام، یوسف، ثقلین، راشد ، مشتاق، رانا نوید، وقار اور سعید انور کی شمولیت متوقع


Sports Reporter September 09, 2013
ایونٹ یکم سے 10 نومبر تک شیڈول ، پلیئرز کیلیے کم سے کم عمر کی حد 35 برس. فوٹو؛ فائل

ماضی کے کرکٹ اسٹارز بارباڈوس میں جگمگائیں گے، انضمام الحق اور شعیب اختر سمیت دنیا بھر کے نامور کرکٹرز نومبر میں ورلڈ ماسٹرز ٹوئنٹی 20 لیگ میں جلوہ گر ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ماضی کے نامور کرکٹرز کی ٹیمیں بارباڈوس میں یکم سے 10نومبر تک شیڈول کی جانے والی ورلڈ ماسٹرز ٹوئنٹی20لیگ میں شریک ہوں گی۔ ایونٹ کا حصہ بننے والے کرکٹرز کیلیے لازمی ہوگاکہ ان کی عمر 35سال سے زائد اور وہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہوں۔ پاکستان ٹیم میں ورلڈ کپ 1992کے فاتح اسکواڈ کے ارکان سمیت کئی ممتاز کھلاڑیوں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ممکنہ اسکواڈ میں انضمام الحق، محمد یوسف، شعیب اختر، ثقلین مشتاق، راشد لطیف، مشتاق احمد، آصف مجتبیٰ، رانا نوید الحسن، شبیر احمد، عاصم کمال، یاسر حمید، ارشد خان کی شمولیت کا قوی امکان ہے جبکہ دستیاب ہونے کی صورت میں وقار یونس، سعید انور، معین خان اور اظہر محمود بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔



بھارتی اسکواڈ راہول ڈریوڈ، رابن سنگھ، راہول سنگھوئی، آمے کھرسایا، پرواین آمرے، نریندر ہروانی، ہرویندر سنگھ، وجے ڈھایا، اقبال صدیقی، ابھی کاروئیلا، گیگان کھوڈا اور سادا گوپان رامیش پر مشتمل ہوسکتا ہے۔ انگلینڈ کو پال کولنگ ووڈ، گریم ہک، پال نکسن، گلیڈ سٹون سمال، نیل فیئر برادر، فل ڈیفریٹس، ڈیوڈ میلکم،ڈین ہیڈلے،جان ایمبری،گلین چیپل، میتھیو مینارڈ اور کرس شوفیلڈ کی خدمات حاصل ہوں گی۔ میزبان ویسٹ انڈیز اسکواڈ برائن لارا،گورڈ ن گرینج، ڈیسمنڈ ہینز، کورٹنی واش، کارل ہوپر، کرٹلے امبروز، پیڈروکولنز، فلائیڈ ریفائیر، ویسبریٹ ڈریکس، کورٹنی برائون، کولس کنگز، ایزرا موسلے اور اسٹورٹ ولیمز سے مزین ہوگا۔