بھارت میں مشتعل ہجوم کا خاتون پولیس افسر پر ڈنڈوں سے حملہ

حملے میں ملوث 30 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ حملہ روکنے میں ناکامی پر 2 پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا


ویب ڈیسک July 01, 2019
خاتون پولیس افسر محکمہ جنگلات کی پودے لگانے کی مہم کی نگرانی کر رہی تھیں (فوٹو : بی بی سی)

بھارت میں مشتعل ہجوم نے خاتون پولیس افسر کو ڈنڈوں سے مار مار کر شدید زخمی کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ میں محکمہ جنگلات کی جانب سے پودے لگانے کی مہم کی مخالفت کرنے والے مشتعل ہجوم نے پودوں کی کاشت کی نگرانی پر مامور خاتون پولیس افسر پر دھاوا بول دیا۔

مشتعل ہجوم کی سربراہی ریاست کی حکمراں جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتھی پارٹی کے کارکنان کر رہے تھے، پارٹی لیڈر کی جانب سے کارکنان کے رویے پر معذرت کی گئی اور پولیس کو گرفتاریوں کا حکم جاری کیا۔

محکمہ پولیس نے موقع پر موجود دو پولیس افسران کو ہجوم کو قابو میں رکھنے میں ناکامی پر معطل کردیا جب کہ خاتون پولیس افسر پر تشدد کے الزام میں 30 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات پودے لگانے کی آڑ میں ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی زمینوں سے محروم کرنے کی سازش کررہا ہے جبکہ ہمارا سارا دار و مدار انہی زمینوں پر ہے۔