مقبوضہ کشمیر سے نوجوان مسلم لڑکی سمیت 3 لاشیں برآمد

قابض سیکیورٹی فورسز نے 4 مسلمان تاجروں پر گائے اسمگلنگ کا الزام لگا کر حراست میں لے لیا


ویب ڈیسک July 03, 2019
2 کشمیری نوجوانوں کی لاشیں مسجد کے قریب سے اور ایک لڑکی لاش ضلع پونچھ سے برآمد ہوئی۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر سے کے دو مختلف اضلاع سے 18 سالہ لڑکی اور دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ قابض بھارتی فورسز نے 4 مسلمان تاجروں کو گائے کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اننت ناگ میں ایک مسجد کے قریب سے 2 نوجوانوں کی لاشیں پُراسرار حالت میں ملی ہیں جب کہ ضلع اسلام آباد کے باپورہ کے علاقے سے 18 سالہ نازیہ اختر کی لاش ملی ہے تاہم تینوں کی موت کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

دوسری جانب جارحیت پسند مودی کے دوسری بار اقتدار میں آنے کے بعد سے مذہبی منافرت پر مشتمل پالیسی پر مزید شدت کے ساتھ عمل درآمد جاری ہے، قابض بھارتی فوج نے 4 مسلمانوں تاجروں کو گائے کی اسمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔

گائے اسمگلنگ کے الزام میں مسلمان تاجروں کی گرفتاری پونچھ اور راجوری اضلاع میں کی گئی، سیکیورٹی فورسز نے گائے کے ٹرک بھی قبضے میں لے لیے اور ڈرائیورز کو ہراساں کیا جب کہ مسلمان تاجروں کو جیل میں بند کردیا گیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

 

مقبول خبریں