کراچی میں پھر بد امنی کی لہر باپ بیٹے اور پولیس اہلکاروں سمیت12افراد قتل

ناظم آباد میں امام بارگاہ کی کمیٹی کا رکن، نیو کراچی میں سبزی فروش، لیاری میں رکشا ڈرائیور ہلاک


Staff Reporter September 11, 2013
ناظم آباد میں امام بارگاہ کی کمیٹی کا رکن، نیو کراچی میں سبزی فروش، لیاری میں رکشا ڈرائیور، گلستان جوہرمیں 2چوکیدارہلاک،2لاشیں ملیں،ٹارگٹڈآپریشن،43گرفتار فوٹو: فائل

کراچی میں پھرسے بدامنی کی لہرڈورگئی،فائرنگ اور تشددکے واقعات میں باب بیٹے، 2 پولیس اہلکاروں اورمتحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت12 افرادہلاک ہوگئے ۔

جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مزید43ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے11طوری بنگش روڈنمبرون ڈی بس کے اسٹاپ پرموٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے45 سالہ رشیدہلاک ہو گیا ، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی ، رشید اورنگی ٹاؤن سیکٹر11توحید کالونی کا رہائشی تھا اور3 بیٹوں کا باپ تھا ، مقتول اورنگی ٹاؤن یونین کونسل نمبر5 کاسابق حق پرست ناظم اورمتحدہ قومی موومنٹ اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ آفس نمبر124 کا انچارج تھا۔

لنڈی کوتل چورنگی سی این جی اسٹیشن کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے2پولیس اہلکار 42 سالہ عارف حسین اور 40 سالہ محمد علی جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق حیدری تھانے کی پولیس موبائل اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 مشتبہ افرادکوپولیس نے رکنے کا اشارہ دیا جس پر انھوں نے فائرنگ کر دی۔مقتول محمد علی 3 بچوں کاباپ اورخواجہ اجمیرنگری کارہائشی جبکہ مقتول عارف 2 بچوں کاباپ اور بلدیہ ٹائون کا رہائشی تھا۔مقتولین گزشتہ ڈھائی سال سے حیدری تھانے میں تعینات تھے۔نارتھ کراچی یوپی موڑطیب سوئٹس کے قریب چنگ چی رکشامیں سوار40سالہ مستنصرعلی اوراس کے بیٹے9سالہ مصطفی علی کوموٹرسائیکل پرسوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیااورہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے۔

فائرنگ سے بھگدڑمچ گئی،مقتولین باپ اوربیٹے کابوہری برادری سے تعلق تھااورواقعے سے قبل وہ نارتھ ناظم آباد حیدری کے قریب واقع اپنی عبادت گاہ سے واپس گھرجارہے تھے،مقتول مستنصرمقامی فیکٹری میں ملازمت کرتاتھا۔گلستان جوہربلاک12میں موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد30سالہ گل خان اور28سالہ جمشید ہلاک ہوگئے،دونوں مقتولین چوکیدارتھے جومین گیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ کانشانہ بن گئے،فوری طور قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ناظم آباد نمبر3نجی اسپتال کے قریب چائے کے ہوٹل پرموٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 48سالہ محمد رضاجاں بحق ہوگیاجس کی لاش عباسی اسپتال لی جائی گئی،مقتول جامع مسجدوامام بارگاہ نورایمان کی مسجد کمیٹی کارکن تھاجبکہ واردات میں نائن ایم ایم پستول استعمال ہوا۔مقتول3بچوںکاباپ تھااورناظم آبادنمبر3کاہی رہائشی تھا۔مقتول کی میت بعدازاں انچولی امام بارگاہ لے جائی گئی،واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔



نیوکراچی سیکٹر 11/Jمیں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے40سالہ ناصرعطاری ہلاک ہو گیا واردات کے بعدملزمان فرار ہوگئے،مقتول کی لاش عباسی شہیداسپتال پہنچائی گئی،مقتول سبزی فروش تھا اور نیو کراچی تھانے کی حدودمیں واقعے سیکٹر 11/Jکارہائشی تھا۔لیاری چاکیواڑہ روڈزونل آفس کے قریب کوثرپٹرول پمپ کے سامنے نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل پرسوار45سالہ صلاح الدین ہلاک جبکہ اس کاساتھی 22 سالہ عدنان زخمی ہو گیا،ہلاک و زخمی ہونے والوں کوسول اسپتال پہنچایاگیا،مقتول مکان نمبر92 سیکٹر4/Fسعید آباد بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی اور رکشا ڈرائیور تھاجبکہ زخمی ہونے والا بھی اسی علاقے کا رہائشی اورمحنت کش ہے۔ملیرہالٹ ریلوے اسٹیشن سے66 سالہ محمد یونس صدیقی کی لاش ملی ،ترجمان ریلوے پولیس ارشادبیگ نے ایکسپریس کوبتایاکہ مقتول کے سرپرکوئی وزنی چیزماری گئی تھی،لاش پلیٹ فارم پرلگی سمنٹ کی بینچ پررکھی ہوئی تھی،شبہ ہے اسے کسی اورمقام پرقتل کرکے یہاں لاکرپھینکا گیاہے۔

سرسیدکالج گرلزکے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش ملی جوپراسرار طور پرہلاک ہوگیا ، لاش پر نہ توکوئی زخم کانشان ہے اور نہ ہی چوٹ کا،فوری طورپرشناخت بھی نہیں ہوسکی۔ گلستان جوہر کے علاقے17 میں کچرا چننے والے وزیرنامی افغانی کو نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان نے فائرنگ کرکے شدیدزخمی کر دیاجسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لایا گیا۔نارتھ ناظم آبادکے علاقے بلاک آئی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شمیم بانونامی خاتون زخمی ہوگئی۔مواچھ گوٹھ جامع مسجدبغدادی کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے18سالہ منورزخمی ہوگیا۔ادھررینجرز سندھ نے ملیر میں واقع ایک سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ مار کر 4 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ سے3ملزمان جنید ، خرم شہزاد اور زبیر کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے 3 ٹی ٹی پستول برآمد کرلی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور پولیس کو مطلوب تھے۔

،جیکسن پولیس نے ایک مفرور ملزم سعید کو گرفتار کرلیاجو کہ پولیس کو 5 مقدمات میں مطلوب تھا ،ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران 3 ملزمان عبدل نادر ، محمد ساجد دا دا اور محمد حسنین کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے3 ٹی ٹی پستول برآمد کر لی گئی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان قتل ، اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں جن سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ،سچل کے علاقے سہراب گوٹھ سکندر گوٹھ میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 2 ٹارگٹ کلرز مجاہد عرف طورا اور قاسم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

بعدازاں رینجرز نے دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے سچل پولیس کے حوالے کر دیا۔چاکیواڑہ پولیس نے کوثر پیٹرول پمپ چاکیواڑہ روڈ کے قریب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ اور واکی ٹاکی برآمد کرلیا ۔ رات گئے رینجرز سندھ نے نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد ، شادمان ٹاؤن اور ناظم آباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 25 سے زائد مشتبہ افرادکو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا علاوہ ازیں ایس ایس پی ملیر کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے عبداﷲ شاہ غازی گوٹھ کا محاصرہ کر کے تمام خارجی و داخلی راستوںکو سیل کر دیا۔