چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع

ویب ڈیسک  منگل 9 جولائی 2019
حزب اختلاف کی جماعتوں کے سینیٹرز نے عدم اعتماد کی قرارداد پر دستخط کئے فوٹو: فائل

حزب اختلاف کی جماعتوں کے سینیٹرز نے عدم اعتماد کی قرارداد پر دستخط کئے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف  تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔

اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری سینیٹ کے پاس جمع کرادی، تحریک عدم اعتماد راجا ظفر الحق، جاوید عباسی، شیری رحمان  اور غفور حیدری نے جمع کرائی۔ تحریک کے ساتھ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی جمع کرائی گئی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایوان کے کسٹوڈین کے طور پر اعتماد نہیں رکھتے۔ ایوان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ موجودہ چیئرمین سینیٹ ایوان کے ممبران کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا  ظفرالحق کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر مشاہد اللہ خاں، شیری رحمان، مولاناعطاالرحمان، عثمان کاکڑ، آصف کرمانی، میر کبیر محمد شاہی، پرویزرشید، ستارہ ایاز، رحمان ملک، سسی پلیجو اور بہرمند خان تنگی نے شرکت کی تاہم جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹر سراج الحق اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف قرارداد شیری رحمان اور (ن) لیگی سینیٹر جاوید عباسی نے تیار کی جس پر حزب اختلاف کی جماعتوں کے مختلف سینیٹرز نے دستخط کئے۔

سیکریٹری سینیٹ نے اس حوالے سے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی ہے، قانون کی رو سے جس دن یہ عدم اعتماد کی قرارداد پیش ہوگی چیئرمین سینیٹ صرف اس دن اجلاس کی صدارت نہیں کرسکیں گے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کا اختیار چیئرمین سینیٹ کے پاس ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ کا منصب مسلم لیگ (ن) کو دینے پر اتفاق کیا ہے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ پیپلز پارٹی ہی کے پاس رہے گا۔ رہبر کمیٹی کا اگلا اجلاس 11 جولائی کو ہوگا اور اسی روز نئے چیئرمین سینیٹ کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔