آسٹریلیا کو ہرا کر انگلینڈ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 11 جولائی 2019
میچ برمنگھم میں کھیلا گیا، فوٹو: سوشل میڈیا

میچ برمنگھم میں کھیلا گیا، فوٹو: سوشل میڈیا

برمنگھم: کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 224 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں ہاٹ فیورٹ انگلینڈ نے آسٹریلیا کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 27 سال بعد عالمی کپ کے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا، اب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اتوار کو ٹرافی کے قبضے کی جنگ لڑیں گے، دونوں ٹیمیں ایک بار بھی عالمی کپ نہیں جیت سکیں جب کہ انگلش ٹیم 40 سال بعد اپنی سرزمین پر ورلڈکپ کا فائنل کھیلے گی۔

https://twitter.com/ICC/status/1149328993545576448

ہدف کے تعاقب میں جونی بیرسٹو اور جیسن روئے پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیل کر حریف بولرز پر اپنی دھاگ بٹھائی، اس دوران جیسن روئے نے اسمتھ کو 3 لگاتار چھکے بھی لگائے اور نصف سنچری اسکور کی۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ جونی بیرسٹو کی صورت میں گری جو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیسن روئے 85 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

147 رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے بعد تجربہ کار جوئے روٹ اور کپتان مورگن نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور 33 ویں اوور میں 224 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، جوئے روٹ اور مورگن 33،33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے مچل اسٹارک بھی ہدف کا دفاع کرنے میں خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کر سکے البتہ ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی جس کے لیے انہیں 64 رنز دینے پڑے جب کہ کمنز نے بھی ایک شکار کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیویڈ وارنر نے کیا تاہم دونوں اوپنر صرف 10 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد پیٹر ہینڈز کومب بھی صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد اسٹیو اسمتھ اور الیکس کیرے نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 103 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد اسٹوئنس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ٹیم آسٹریلیا کو گلین میکسوئل سے کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ بھی 22 رنز ہی بناسکے، پیٹ کمنز 6 اور مچل اسٹارک 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ اسٹیو اسمتھ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم وہ آخری لمحات میں 85 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور عادل رشید نے 3،3 جب کہ جوفرا آرچر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سیمی فائنل سے قبل راؤنڈ میچز میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دی تھی جب کہ وارم اپ میچ میں بھی آسٹریلوی ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں انگلش سائیڈ کو 12 رنز سے زیر کیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔