شاہ رخ خان پرتنقید کرکے شان خود تنقید کا نشانہ بن گئے

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جولائی 2019
فلم ’’لائن کنگ‘‘میں شاہ رخ خان اور آریان خان نے اپنی آواز کا جادو جگایاہے فوٹوفائل

فلم ’’لائن کنگ‘‘میں شاہ رخ خان اور آریان خان نے اپنی آواز کا جادو جگایاہے فوٹوفائل

کراچی: پاکستانی سپراسٹارشان بالی ووڈ سپراسٹار شاہ رخ خان کوتنقید کا نشانہ بنانے پرخود تنقید کا نشانہ بن گئے۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ہالی ووڈ کی مقبول ترین فلم ’’دی لائن کنگ‘‘ کے ہندی ورژن میں مفاسا کے مرکزی کردارمیں اپنی آواز کا جادوجگایا ہے جب کہ ان کے بیٹے آریان خان نے بھی فلم میں مفاسا کے بیٹے سمبا کے کردار کے لیے وائس اووردی ہے۔

فلم ’’زیرو‘‘ کی ناکامی کے بعد شاہ رخ خان اس فلم کو لے کربہت پرجوش ہیں اورسوشل میڈیا پرفلم کی خوب تشہیرکررہے ہیں۔ گزشتہ روزشاہ رخ خان نے ٹوئٹرپرفلم کا پروموجاری کیا ہے جس میں فلم کے مشہور کردار سمبا کو دکھایا گیا ہے جس کے پس پردہ آریان خان کی آواز ہے۔ شوبز فنکاروں سمیت شاہ رخ کے مداحوں کی جانب سے کنگ خان اور ان کے بیٹے کو نہ صرف سراہا جارہا ہے بلکہ بے حد تعریف بھی کی جارہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارشان کی بالی ووڈ کنگ خان کوبڑی نصیحت

تاہم پاکستانی اداکار شان نے شاہ رخ خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہربانی کرکے اتنی خوبصورت فلم کا ہندی ورژن بنا کراس فلم کو تباہ نہ کریں۔ اس پرومو میں شاہ رخ خان کی آواز بالکل ویسی ہی ہے جیسی ان کی دوسری فلموں میں ہوتی ہے، کم از کم شاہ رخ خان کو ’’دی لائن کنگ‘‘ کے لیے اپنی آواز کا انداز تبدیل کرنا چاہیئے تھا۔

شان نے شاہ رخ خان پرتنقید تو کردی لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ پرومو میں شاہ رخ خان کی آواز ہے ہی نہیں بلکہ جو پروموجاری کیا گیا ہے اس میں سمبا کو متعارف کرایا گیا ہے جس کے لیے آریان خان نے اپنی آوازدی ہے۔

شان کی اس غلطی پرسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جب کہ کچھ صارفین نے ان کی تصیح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ زیادہ اووراسمارٹ نہ بنیں، آپ پرکوئی دباؤ نہیں ڈال رہا کہ آپ ’’لائن کنگ‘‘ کا ہندی ورژن دیکھیں آپ اس کا اوریجنل ورژن دیکھ لیں جو انگلش میں ہے۔ فلم ’’لائن کنگ‘‘ 19 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔