پاکستانی اداکارہ حنا چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حال ہی میں ایک مشکل اور تکلیف دہ سرجری سے گزری ہیں اور کئی دن اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد اب صحت یابی کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
اداکارہ نے اسپتال میں گزرے دنوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے اپنی صحت اور زندگی کے حوالے سے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔
حنا چوہدری کے مطابق گزشتہ چند دنوں نے انہیں ایک بار پھر صحت، زندگی اور خاندان کی اہمیت کا احساس دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک مشکل سرجری سے گزری ہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ اب پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ انسان اکثر کام اور روزمرہ زندگی کی مصروفیات میں اس قدر الجھ جاتا ہے کہ اپنی صحت کو ترجیح دینا بھول جاتا ہے، یہاں تک کہ کبھی جسم خود ہی اسے رفتار کم کرنے اور آرام کرنے پر مجبور کردیتا ہے۔
حنا نے اپنی پوسٹ میں ہر نعمت پر شکر ادا کرنے کے ساتھ ان دوستوں اور اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر اور دوست، اداکارہ حرا خان نے اسپتال میں ان کی دیکھ بھال کی اور اس دوران انہیں بھرپور تعاون فراہم کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ ابھی مکمل صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں اور احتیاط کررہی ہیں۔ اس تجربے نے انہیں زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کی قدر کرنا بھی سکھایا ہے۔
حنا چوہدری کی پوسٹ پر شوبز شخصیات نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اداکارہ شگفتہ اعجاز نے جلد صحت یابی کی دعا کی، جبکہ ثنا شاہنواز نے بھی حنا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اللہ سے انہیں صحت اور جلد مکمل شفایابی عطا کرنے کی دعا کی۔