’بادشاہ کی خفیہ سروس میں خوش آمدید‘، نئے جیمز بانڈ کےلیے شاہ چارلس کا پیغام وائرل

شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی جانب سے جاری اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین نے پسند کیا ہے


ویب ڈیسک November 18, 2026

رابرٹ پیٹنسن کو جیمز بانڈ کے مشہور کردار کے لیے منتخب کیے جانے پر برطانوی شاہی خاندان نے بھی اپنے منفرد انداز میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔ شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اداکار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں ’بادشاہ کی خفیہ سروس‘ میں خوش آمدید کہا گیا ہے۔

نئے ایجنٹ 007 کے طور پر رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب کا اعلان سامنے آنے کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے سرکاری اکاؤنٹ سے ان کی ایک تصویر پوسٹ کی گئی۔ اس کے ساتھ درج کیپشن میں لکھا تھا، ’آپ کو بادشاہ کی خفیہ سروس میں خوش آمدید، مسٹر بانڈ!‘

 

 

شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی جانب سے جاری اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین نے پسند کیا ہے۔ صارفین شاہی خاندان کے اس دلچسپ اور غیر روایتی انداز کو بھی سراہ رہے ہیں۔

برطانوی شاہی خاندان کا جیمز بانڈ فلم سیریز سے تعلق نیا نہیں۔ 2012 کے لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم نے ڈینیئل کریگ کے ساتھ ایک یادگار ویڈیو خاکے میں شرکت کی تھی، جس میں ملکہ کو جیمز بانڈ کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ شاہی خاندان کے افراد 2021 میں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے پریمیئر میں بھی شریک ہوئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی جیمز بانڈ فلم کی ہدایت کاری معروف فلم ساز ڈینس ویلنیو کریں گے، جو ’ڈیون‘ جیسی فلموں کے لیے شہرت رکھتے ہیں، جبکہ اس کا اسکرین پلے ’پیکی بلائنڈرز‘ کے تخلیق کار اسٹیون نائٹ تحریر کریں گے۔

رابرٹ پیٹنسن سے پہلے شان کونری، جارج لیزنبی، راجر مور، ٹموتھی ڈالٹن، پیئرس بروسنن اور ڈینیئل کریگ اس مشہور کردار کو بڑی اسکرین پر نبھا چکے ہیں۔