ترکی نے متاثرین سیلاب کیلیے 2120 گھر حوالے کر دیے

ہاؤسنگ اسکیم میں صحت بخش پانی کا آر او پلانٹ لگائیں گے، اویس مظفر، تقریب سے خطاب


Staff Reporter September 16, 2013
ہاؤسنگ اسکیم میں صحت بخش پانی کا آر او پلانٹ لگائیں گے، اویس مظفر، تقریب سے خطاب. فوٹو: فائل

ترکی حکومت کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ میں سیلاب متاثرین کیلیے 300ایکڑ اراضی پر 2120 گھروں پر مشتمل تعمیر کی گئی ترکش ہائوسنگ اسکیم کو صوبائی ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں وزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

جس میں صوبائی وزیر بلدیات اور صحت سید اویس مظفر،ترکی کے قونصل جنرل مورات ایم اونارات،چیف سیکریٹری سندھ محمد اعجاز چوہدری، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ اور اسپیشل سیکریٹری عباس بلوچ ،صوبائی ڈزاسٹرمیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سید محمد سلیمان شاہ ،ڈی سی ٹھٹھہ آغا شاہنواز بابر اور دیگر افسران نے شرکت۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ 2010-11 میں سیلابی تباہ کاریوں سے گذرا ہے، جس کے دوران سندھ میں ایک ہی وقت 9ملین لوگ متاثر ہو چکے تھے۔ ہم اس مشکل وقت میں ترکی کی حکومت کی جانب سے کی گئی اس ہمدردی اور مدد پر انکے شکرگذار ہیں۔



اس موقع پر صوبائی وزیر اویس مظفرنے اس ہائوسنگ اسکیم میں سیلاب متاثریں کو صحت بخش پانی فراہم کرنے کیلیے وہاں ایک آر او پلانٹ لگانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہاں آباد ہونے والوں کو تمام بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔ترکی کے قونصل جنرل مورات ایم اونارات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات پچھلے کئی دہائیوں سے جاری ہیں اور آئندہ بھی جاری رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ اس2120گھروں پر مشتمل اس ہائوسنگ اسکیم میں 3مساجد،ایک ہائی اسکول،کمیونٹی ہال،بزنس سینٹر،اسپورٹس کمپلیکس اور ایک پلے گراؤنڈ جیسی سہولتیں بھی موجود ہیں۔ بعد میں ترکی کے نمائندہ خالت سہیل اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سید محمد سلیمان شاہ نے اس ہائوسنگ اسکیم کی پرزیشن سنبھالنے کے دستاویزات پر دستخط کیے۔