آشیانہ ریفرنس کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی

آشیانہ اقبال کیس میں جنہوں نے کرپشن پکڑی، وہ آج ملزم کے طور پر پیش ہو رہے ہیں، شہباز شریف


ویب ڈیسک July 24, 2019
آشیانہ کیس میں جنہوں نے کرپشن پکڑی، وہ آج ملزم کے طور پر پیش ہو رہے ہیں، شہباز شریف۔ فوٹو : فائل

لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ریفرنس کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

لاہور احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ریفرنس کیس کی سماعت کی، اس موقع پر شہبازشریف سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر کہا کہ نیب نے جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہوا ہے، یہ کیس وقت کا ضیاع ہے، ہماری حکومت نے خود فراڈ کو پکڑا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شہبازشریف عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں کارروائی آگے بڑھانی چاہیے۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ریفرنس کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آشیانہ اقبال کیس میں جنہوں نے کرپشن پکڑی، وہ آج ملزم کے طور پر پیش ہو رہے ہیں۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جب کہ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

مقبول خبریں