وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات

وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد پیش کی


ویب ڈیسک August 02, 2019
وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد پیش کی، فوٹو: سوشل میڈیا

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے۔

مرائم منسٹر آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، شبلی فراز اور سینیٹر بیرسٹرمحمد علی سیف نے ملاقات کی، وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ اراکین نے صادق سنجرانی کی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، امید ہے چیئرمین سینیٹ پہلے کی طرح خوش اسلوبی سے اپنی ذمہ دارایاں ادا کرتے رہیں گے اور ایوان بالا کی کارروائی کو احسن انداز میں میں چلاتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحاریک عدم اعتماد ناکام

بعدازاں چیئرمین سینیٹ سے جہانگیر ترین نے ملاقات کی جس میں انہوں نے صادق سنجرانی کو تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر مبارکباد پیش کی اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تحریک قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے پیش کی تھی جس کی کامیابی کے لیے 53 ووٹ درکار تھے تاہم اپوزیشن 50 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اسی طرح ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی جس میں حکومت صرف 32 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ دونوں اپنے عہدے پر برقرار رہے۔