ابراہیم حیدری میں مچھلی خریدنے کیلیے آنیوالے شخص کاقتل

عدنان کی ابراہیم حیدری کے قبرستان سے ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی


Staff Reporter August 04, 2019
مقتول سستی مچھلی اور جھینگا خریدنے کے لیے لیاری سے ابراہیم حیدری گیا تھا فوٹو: فائل

لیاری کے رہائشی شخص کی ابراہیم حیدری کے قبرستان سے ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی ہے۔

مقتول سستی مچھلی اور جھینگا خریدنے کے لیے جمعے کی رات ابراہیم حیدری گیا تھا جس کی گزشتہ روز لاش مل گئی، مقتول نے حال ہی میں گھر کے قریب مچھلی فروخت کرنے کی دکان کھولی تھی جبکہ مقتول کے پاس 20 ہزار روپے نقد بھی تھے۔ تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری کے علاقے حیدری قبرستان سے بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او صلاح الدین نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ عدنان ولد ناصر کے نام سے ہوئی ہے جو کہ لیاری کا رہائشی تھا اور جمعے کی شب اپنی اہلیہ کو یہ کہہ کر گھر سے موٹر سائیکل پر گیا تھا کہ وہ ابراہیم حیدری مچھلی خریدنے جا رہا ہے جس کے بعد ہفتے کی صبح ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر قتل کیا تھا جبکہ مقتول کے ماتھے پر بھی چوٹ کے نشانات تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت اس کے ورثا کی جانب دوپہر میں پولیس سے رابطہ کرنے کے بعد ہوئی، مقتول جب ساری رات اور صبح تک گھر نہیں پہنچا تو اہلخانہ ابراہیم حیدری پہنچے وہاں جا کر معلومات حاصل کرنے کے بعد انھوں ںے پولیس سے رابطہ کیا اور بعدازاں جناح اسپتال جا کر لاش کو دیکھا تو وہ عدنان تھا۔

مقتول کے بھائی عمران نے ایکسپریس کو بتایا کہ ان کا بھائی نیپئر تھانے کے عقب کمہار واڑہ میں واقعے نور اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا جس نے ایک ہفتے قبل ہی فلیٹ کے نیچے چھوٹی سے دکان کھولی تھی جس میں وہ مچھلی فروخت کرتا تھا ابتدائی طور پر وہ فشری سے مچھلی خرید کر فروخت کر رہا تھا تاہم ہفتے کی رات ایک بجے وہ اپنی اہلیہ کو یہ کہہ کر گھر سے نکلا تھا کہ لوگ مجھ سے جھینگا بھی مانگ رہے ہیں لہذا وہ مچھلی اور جھینگا خریدنے ابراہیم حیدری اپنے دوستوں کے پاس جا رہا ہے جہاں پر دونوں چیزیں سستی مل جائینگی۔

عمران نے بتایا کہ عدنان کے پاس 20 ہزار روپے بھی تھے جبکہ اس کی نہ تو موٹر سائیکل کا کچھ پتہ چلا اور نہ ہی نقدی و موبائل فون مل سکا، انھوں نے بتایا کہ ہم تو غربت کے مارے لوگ ہیں ہماری کسی سے بھلا کیا دشمنی ہوگی، چھوٹا سا کام شروع کیا تھا کہ بھائی اپنی زندگی سے ہی ہاتھ دھو بیٹھا، مقتول 3 بیٹیوں کا باپ تھا جبکہ مقتول عدنان کی نماز جنازہ آج بروز اتوار بعد نماز ظہر گھر کے قریب ادا کی جائیگی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے موبائل فون نمبر کی مدد سے ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے اور جلد ہی ملزمان کو بھی گرفتار کرلیں گے۔