راکھی ساونت نے شادی کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک  اتوار 4 اگست 2019
میرے شوہر کانام رتیش ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم ہے،راکھی ساونت: فوٹوانسٹاگرام

میرے شوہر کانام رتیش ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم ہے،راکھی ساونت: فوٹوانسٹاگرام

ممبئی: بالی ووڈ کی اسکینڈل کوئین راکھی ساونت نے اپنی شادی کی تصدیق کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ راکھی ساونت نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حال ہی میں نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھی ہیں اور ان کے شوہربھارتی نژاد برطانوی شہری ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے راکھی ساونت کی شادی کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں لیکن انہوں نے اس خبر کو جھٹلاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اشتہار کے لیے شادی کا فوٹوشوٹ کروایا ہے لیکن اب راکھی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’’میں ڈر گئی تھی  اور آج میں اس خبر کی تصدیق کرتی ہوں کہ ہاں میں نے شادی کرلی ہے۔‘‘

اس خبرکوبھی پڑھیں: راکھی ساونت کی شادی کی خبریں منظرعام پر

راکھی ساونت نے اپنے شوہر کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کانام رتیش ہے اور وہ برطانیہ میں مقیم ہے، وہ پہلے ہی وہاں جا چکے ہیں اور میرا ویزا تیاری کے مراحل میں ہے، میں جلد ہی ان کے پاس پہنچ جاؤں گی۔ شادی کے بعد کام کرنے سے متعلق راکھی کا کہنا تھا کہ جب بھی میں بھارت آؤں گی میں اپنا کام جاری رکھوں گی۔ راکھی نے کہا میں ہمیشہ سے ٹی وی شو پروڈیوس کرنا چاہتی تھی اور مجھے لگتا ہے میرا دیرینہ خواب اب پورا ہوگا۔ خدا نے مجھے بہت اچھا شوہر دیاہے۔

راکھی نے مزید بتایا کہ ان کے شوہر نے جب ان کا انٹرویو ٹی وی پر دیکھا تھا وہ ان کے مداح ہوگئے تھے بعد ازاں ہمارا رابطہ ہوا اور ہم اچھے دوست بن گئے۔ رتیش کو جاننے کے بعد میں اس کی بیوی بننے کی دعا کرتی تھی اور میری وہ خواہش تو پوری ہوگئی خدا مجھ پر مہربان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ راکھی ساونت کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں جن میں انہوں نے ہاتھوں پر مہندی لگائی ہوئی تھی، چوڑیاں پہنی ہوئی تھیں اور ماتھے پر سیندور بھی لگایا ہوا تھا۔ راکھی ساونت کی یہ تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھیں، تاہم راکھی نے اپنی شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے برائیڈل شوٹ کے لیے یہ سارا اہتمام کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔