قربانی کے جانوروں کی چوری کے واقعات بڑھ گئے

چور نارتھ ناظم آبادکے بنگلے سے لاکھوں روپے مالیت کی گائے اور6 بکرے شہزورٹرک میں ڈال کرلے گئے۔


Staff Reporter August 07, 2019
فجرکوگھرکے بزرگ نمازکے لیے بیدارہوئے توگائے اوربکرے غائب تھے،امان۔ فوٹو: فائل

ضلع سینٹرل میں قربانی کے جانوروں کی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا جب کہ ناظم آباد میں چورگھرکے باہر سے لاکھوں روپے مالیت کی گائے اور6 بکرے چوری کرکے لے گئے۔

پیراورمنگل کی درمیانی شب شاہراہ نورجہاں تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایس میں بنگلہ نمبر بی28 سے چورقربانی کے لیے لائی جانے والی ایک گائے اور6 بکرے چوری کرکے فرارہوگئے جس بنگلے سے قربانی کے جانورچوری کیے گئے وہ بنگلہ کراچی پورٹ کے شفٹ منیجر وسیم خلیل کا ہے ان کے بیٹے امان نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ چند روز قبل ہی وہ مویشی منڈی سے 2 لاکھ 45 ہزار کی گائے اور ایک لاکھ 40 ہزار کے 4 بکرے خریدکر لائے تھے جبکہ 2 بکرے انھوں قربانی کے لیے پالے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ رات ساڑھے 3 بجے تک گھر میں سب لوگ جاگ رہے تھے اورجانوروں کو ٹہلا رہے تھے اس کے بعد وہ جانوروں کو گھر کی گیلری میں باندھ کر سو گئے اور جب فجرکے وقت گھر کے بزرگ نماز کی ادائیگی کے لیے اٹھے توگائے اوربکرے غائب تھے۔

انھوں نے بتایا کہ چور مرکزی دروازے کے لاک تھوڑکربنگلے کے احاطے میں داخل ہوئے اوررسی کاٹ کرگائے اوربکرے چوری کرکے لے گئے ،چوروں نے جانوروںکولے جانے سے قبل ان کے پیروںمیں بندھے ہوئے گھنگھروں اتاردیے تھے ، بنگلے کے قریبی گھر میں لگائے سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں ملزمان کو شہزور ٹرک میں قربانی کے جانور ڈال کرلے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

امان نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ ان کے چوری کیے جانے والے جانوروں کو فوری طور پربرآمد کرایا جائے اورواردات میں ملوث ملزمان کوگرفتارکیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ضلع سینٹرل میں قربانی کے جانوروں کی چوری کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں لیکن پولیس وارداتوں میں ملوث چوروں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی ہے جس کے باعث مکینوں نے اب خودمویشیوں کے پاس پہرے دیناشروع کردیے ہیں۔