دورۂ بھارت فواد احمد کی ایک ہی سیریز کے بعد چھٹی

کمرکی تکلیف سے دوچارکینگروکپتان مائیکل کلارک کا انتخاب فٹنس سے مشروط


Sports Desk September 20, 2013
عمر رسیدہ بریڈ ہیڈن کے لیے نوجوان وکٹ کیپر میتھیو ہیڈن کو فارغ کردیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلیا نے آئندہ ماہ شیڈول دورئہ بھارت کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، فواد احمد کی ایک ہی سیریز کے بعد چھٹی کردی گئی۔

کمر کی تکلیف سے دوچار کپتان مائیکل کلارک کا انتخاب فٹنس سے مشروط ہے، عمررسیدہ بریڈ ہیڈن کیلیے نوجوان وکٹ کیپر میتھیو ہیڈن کو فارغ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے11 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹور کیلیے 14 رکنی اسکواڈ میں کپتان مائیکل کلارک کو شامل تو کیا مگر ان کا انتخاب فٹنس سے مشروط ہے، وہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے آخر میں ایک بار پھر پرانے مرض کا شکار ہوگئے تھے، انھوں نے وطن واپس پہنچتے ہی اسپیشلسٹ سے اپنا معائنہ بھی کرایا۔

ان کے بارے میں سلیکٹر جان انویریرٹی نے کہا کہ کلارک کی کمر میں تکلیف پھر سے شروع ہوگئی، ہمیں امید ہے کہ بھارتی ٹورکے آغاز تک ان کی حالت بہتر ہوجائے گی۔ مائیکل کلارک نے بھی جلد فٹ ہونے کی امید ظاہر کی۔



ون ڈے اسکواڈ میں بھی بریڈ ہیڈن کی واپسی ہوگئی، 35 سالہ وکٹ کیپر کے لیے 25 سال کے میتھیو ویڈ کو باہر کردیا گیا، ویڈ نے انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز میں صرف 36 رنز 12 کی اوسط سے بنائے تھے، انویریرٹی کا کہنا ہے کہ میتھیو ویڈ کو ناقص فارم کی وجہ سے نظر انداز کیا گیا، ان کی جگہ ہیڈن لیں گے جنھوں نے ایشز سیریز میں بہترین وکٹ کیپنگ کی۔ آسٹریلیا نے صرف ایک سیریز کھلانے کے بعد پاکستانی نژاد فواد احمد کی بھی چھٹی کردی۔

انھوں نے انگلینڈ کیخلاف حال ہی میں ڈیبیو کیا مگر 2 میچز میں 106 رنز دے کر صرف 2 وکٹیں لیں۔ ان کی جگہ زیویئر ڈوہرٹی کو منتخب کیا گیا۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ڈوہرٹی بھارت میں زیادہ موزوں رہیں گے، فواد احمد نے بارش سے متاثرہ سیریز میں مختصر مواقع ملنے کے باوجود اچھی کارکردگی دکھائی جس کا اندازہ پرفارمنس فیگرز سے نہیں لگایا جاسکتا۔ آسٹریلوی ٹیم اس ٹور میں ایک ٹوئنٹی 20 اور 7 ون ڈے میچز کھیلے گی۔ منتخب اسکواڈ میں کپتان کلارک، جارج بیلی، ناتھن کولٹرنیل، زیویئر ڈوہرٹی، جیمز فالکنر، ایرون فنچ، بریڈ ہیڈن، موسس ہینرکس، فل ہیوز، مچل جونسن، گلین میکسویل، کلنٹ میک کے، ایڈم ووگس اور شین واٹسن شامل ہیں۔