چیمپئنز لیگ پلیئرز کیلیے کڑی پابندیوں کی ہتھکڑی تیار

اسکواڈ ہوٹل کے ایک فلور پر مقیم، لاگ بک میں مہمانوں کا مکمل اندراج ہوگا


Sports Desk September 22, 2013
منیجر کو اختیارات حاصل، پرائیویٹ یا اسپانسرز کی پارٹیز پر مکمل پابندی عائد۔فوٹو:فائل

چیمپئنز لیگ میں پلیئرز کیلیے کڑی پابندیوںکی ہتھکڑی تیار کرلی گئی، ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کی نقل و حرکت کی آزادی سلب کرلی جائے گی، ہر کام منیجر سے کی اجازت سے ہوگا، کسی بھی کوتاہی پر جواب بھی انہی سے طلب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل میں سامنے آنے والے فکسنگ اسکینڈل سے سبق سیکھتے ہوئے چیمپئنز لیگ کے منتظمین نے اپنے ایونٹ کو کسی بھی قسم کی بدنامی سے بچانے کیلیے سخت ترین اقدامات کا فیصلہ کیا،اس بارے میں خصوصی قواعد و ضوابط سے ٹیموں کو آگاہ بھی کردیا گیاہے، جس کے تحت تمام اسکواڈ ہوٹل کے ایک ہی فلور پر مقیم اور اس کا الگ استقبالیہ ہوگا، وہاں ایک لاگ بک میں مہمانوں کا مکمل اندراج اور انھیں ملاقات کیلیے ٹیم منیجر کی اجازت درکار ہوگی، مرکزی استقبالیہ کی جانب سے آنے والی تمام کالز منیجر کے توسط سے پلیئرز کو ملائی جائیں گی جبکہ ایک خصوصی منیجر ان معاملات پر نظر رکھے گا۔ ایونٹ کے دوران پرائیویٹ یا اسپانسرز کی پارٹیز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، منیجر کی اجازت کے بغیر کسی بھی مہمان کے ساتھ کوئی پلیئر باہر نہیں جاسکے گا۔



ان تمام سخت قواعد و ضوابط کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ سب سے زیادہ اہمیت اور ذمہ داری ٹیم منیجرز کو دی گئی، زیادہ تر معاملات میں ان کی اجازت درکار ہوگی، اس لیے کسی بھی تنازع یا مسئلہ کی صورت میں جواب طلبی بھی منیجر سے ہی ہوگی اور انھیں سزا بھی بھگتنا پڑے گی۔ ایک سابق پلیئر و موجودہ ٹیم منیجر کا کہنا ہے کہ ان تمام تر ذمہ داریوں کے ساتھ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آفیشل کا اپنے پلیئرز پر کتنا کنٹرول ہے کیونکہ ان میں سے کچھ سپر اسٹارز بھی ہوںگے، مجھے تو خاص طور پر محتاط رہنا پڑے گا کیونکہ خود مجھ پر بھی کلہاڑی چل سکتی ہے۔ منیجرز کو کسی بھی پلیئر کو مہمانوں کے ساتھ باہر جانے کی اجازت دینے میں نہایت احتیاط کرنا ہوگی، اس سے ان پر دبائو بھی بہت زیادہ ہوگا۔