شہباز شریف اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے

ویب ڈیسک  اتوار 18 اگست 2019
پارٹی کے سینئر قائدین پر مشتمل وفد کل اے پی سی میں شرکت کرے گا، مریم اورنگزیب (فوٹو: فائل)

پارٹی کے سینئر قائدین پر مشتمل وفد کل اے پی سی میں شرکت کرے گا، مریم اورنگزیب (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اپوزیشن کی آج ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگ زیب کے مطابق شہباز شریف کمر میں تکلیف کے باعث مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بلائی گئی اپوزیشن جماعتوں کی  آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  جشنِ آزادی پر کمر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے شہباز شریف کو ڈاکٹر نے مکمل آرام کی ہدایت کی ہے تاہم  پارٹی کے سینئر قائدین پر مشتمل وفد کل اے پی سی میں شرکت کرے گا،  قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف، سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق وفد میں شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس 19 اگست کو طلب

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی طلب کررکھی ہے جس میں اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی، اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ناکامی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ اے پی سی میں اپوزیشن جماعتیں مشترکہ طور پر آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔