جنید خان نے محمد عامر کا خلا پُر کرنے کی ٹھان لی

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں واپسی کی کوشش کروں گا،پیسر


Sports Reporter August 21, 2019
سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے کی پرواہ نہیں،پہلے بھی اس کے بغیرملک کی نمائندگی کرچکا

جنید خان نے محمد عامر کا خلا پُر کرنے کی ٹھان لی،پیسر کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں واپسی کی کوشش کروں گا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ''کرکٹ کارنر'' میں میزبان سلیم خالق سے بات چیت کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ مجھے سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے کی پرواہ نہیں،پہلے بھی اس کے بغیر ملک کی نمائندگی کرچکا ہوں،میں ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم میں واپسی ممکن بنانے کی کوشش کروں گا،یہ بات بھی ذہن میں ہے کہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، وہاب ریاض کی جانب سے بھی یہی راستہ اختیار کیے جانے کاامکان ہے، یوں میرے لیے قومی ٹیم میں واپسی کا اچھا موقع ہے۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکا سے ہوم ٹیسٹ سیریز کا امکان ہے،اپنی سرزمین پر کھیلنا ایک خوشگوار تجربہ ہوگا۔ پاکستان کرکٹ کیلیے بھی یہ ایک خوش آئند اقدام ہے،اگر کھیلنے کا موقع دیا گیا تو صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال پر جنید خان نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہ ملنے کی وجہ سے کارکردگی میں اتار چڑھاؤآتا رہا،کسی بھی کھلاڑی کو باقاعدگی سے میچز کھیلنے کو ملیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کرنے میں کامیاب ہوتا ہے،ٹیم کے اندر یا باہر ہوتے رہنے سے پرفارم کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

پیسرز کے جانب سے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کی مثالیں عام ہوجانے کے سوال پر جنید خان نے کہا کہ طویل فارمیٹ کیلیے بنائی جانے والی پچز زیادہ تر اسپنرز کیلیے سازگار ہوتی ہیں،اسی لیے فاسٹ بولرز ہچکچاہٹ کا شکار ہوتے ہیں، ان کی سوچ ہوتی ہے کہ ٹیسٹ میچز میں ناقص کارکردگی ان کو محدود اوورز میں کرکٹ کے اسکواڈز سے بھی ڈراپ کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔