معین خان نے ہر فارمیٹ کے الگ کپتان کی تجویز دیدی

سوچ میں تھوڑی سی تبدیلی سے مصباح الحق زیادہ بہتر قائد بن سکتے ہیں، منیجر


Sports Desk September 25, 2013
مصباح کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کیلیے برقرار رکھنے کے حق میں ہوں، منیجرقومی کرکٹ ٹیم۔ فوٹو: فائل

ٹیم منیجر معین خان نے ہر فارمیٹ کا الگ کپتان مقرر کرنے کی تجویز دے دی۔

ان کا کہنا ہے کہ سوچ میں تھوڑی سی تبدیلی سے مصباح الحق زیادہ بہتر قائد بن سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ واضح رہے کہ زمبابوے کے ہاتھوں ایک ون ڈے اور ٹیسٹ ہارنے کے بعد مصباح کو قیادت سے ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیا تاہم انھیں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ذمہ داری سونپنے کا امکان ہے۔ ٹیم منیجر اور سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تجویز دی کہ ہر فارمیٹ کا الگ الگ کپتان مقرر کیا جانا چاہیے۔ معین خان جہاں مصباح کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کیلیے برقرار رکھنے کے حق میں ہیں وہیں یہ بھی سمجھتے ہیں کہ تجربہ کار کھلاڑی کو اپنے انداز قیادت میں کچھ تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔



انھوں نے ایک بار پھر سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق اگر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو تھوڑا سے بہتر بنالیں تو زیادہ اچھے کپتان ثابت ہوسکتے ہیں۔ معین خان نے جنوبی افریقہ کے خلاف اہم ترین سیریز سے قبل کپتان کی تبدیلی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک اہم ترین سیریز کھیلنی ہے ایسے میں مصباح کی جگہ کسی اور کو ذمہ داری سونپنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ معین خان نے مزید کہا کہ مصباح خود بھی تبدیلی کیلیے تیار ہے، وہ اپنی کپتانی میں بہتری لائیں گے جس سے پاکستان کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف اکتوبر نومبر میں تین ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔