انڈر 16 فٹبال کا میلہ آج لاہور میں سجے گا

تمام ٹیمیں عمدہ کھیل کی بدولت اے ایف سی کوالیفائنگ کے اگلے رائونڈ میں رسائی کیلیے پُرعزم


Sports Reporter September 25, 2013
ایونٹ میں میزبان سمیت چار ٹیمیں سری لنکا، ایران اور متحدہ عرب امارات حصہ لیں گی۔فوٹو: فائل

لاہور: اے ایف سی انڈر16 کوالیفائنگ فٹبال چمپئن شپ کا میلہ بدھ سے لاہور میں سجے گا، شریک تمام ٹیموں کے کوچز اور کپتان عمدہ کھیل کی بدولت اگلے رائونڈ میں رسائی کیلیے پُرعزم ہیں۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے حکومت پنجاب کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کی وجہ سے غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے سے گریزاں ہیں ، ایسے میں انڈر16 ٹورنامنٹ تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا،اس میں میزبان سمیت چار ٹیمیں سری لنکا، ایران اور متحدہ عرب امارات حصہ لیں گی، پہلے روز سہ پہر4بجے ایران اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی،اسی روز شام7 بجے پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات سے مقابلہ کرے گی۔ دریں اثنا غیرملکی ٹیموں نے ایونٹ کے لیے پاکستان آنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہاکہ آرگنائزنگ کمیٹی نے ہمیں عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی ہیں جس پر ان کے بیحد مشکور ہیں، زندہ دلان لاہور کو میچز کے دوران بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

فیفا فٹبال ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچ سجاد محمود نے کہا کہ ہم ہوم کرائوڈ کے سامنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے، کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں سخت محنت کی جس سے ان کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری آگئی،انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں یکساں صلاحیتوں کی حامل تاہم ایران ہمارے لیے سخت ترین حریف ثابت ہوگا۔ کوچ نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کا مستقبل اور ٹیم کے کئی کھلاڑی سینئر سائیڈکی نمائندگی کے اہل ہیں،کپتان رجب علی نے کہا کہ کوچز نے کیمپ میںہمیں سخت ٹریننگ کرائی جس کی بدولت تمام کھلاڑی عمدہ کھیل کیلیے پُرعزم ہیں۔ ایرانی کوچ مصطفٰی محمد رضا نے کہا کہ شریک تمام ٹیمیں نہایت مضبوط تاہم ہم بہترین کارکردگی کی بدولت اگلے برس تھائی لینڈ میں شیڈول مین رائونڈ میں رسائی کی کوشش کریں گے،انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی لاہورآمد پر بیحد خوش اور عوام کی جانب سے والہانہ استقبال پر بیحد شکر گزار ہیں۔



متحدہ عرب امارات کے کوچ بدر صالح نے بھی بہترین انتظامات پر پاکستان فٹبال فیڈریشن اور اسپورٹس بورڈ پنجاب کا شکریہ ادا کیا،انھوں نے کہا کہ میزبان پاکستان اور ایران کی ٹیمیں سخت حریف ثابت ہوں گی تاہم مجھے امید ہے کہ کھلاڑی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے توقعات پر پورا اتریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے حال ہی میں گلف کپ میں کامیابی حاصل کی جس سے تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ سری لنکن کوچ وجے سکارا نے کہاکہ ہم نے ایونٹ کیلیے ڈیڑھ ماہ کے تربیتی کیمپ میں سخت تیاری کی جس کی بدولت مجھے قوی امید ہے کہ ٹیم مین رائونڈ کیلیے کوالیفائی کرلے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہماری خاص بات ڈیفنس لائن کا مضبوط ہونا ہے جبکہ گول کیپر ٹرمپ کارڈ ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ لاہور کا موسم سری لنکا سے زیادہ مختلف نہیں لہذا کھلاڑیوں کو اس حوالے سے بھی کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

انھوں نے بھی ایران کو سخت ترین حریف قرار دیا۔ بعدازاں ٹیموں نے پنجاب اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا۔ علاوہ ازیں آرگنائزنگ کمیٹی نے غیر ملکی ٹیموں کے قیام و طعام اور شائقین کھیل کیلیے شاندار انتظامات کیے ہیں۔ چیئرمین ڈی جی اسپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہاکہ ایونٹ میں شریک ٹیمیں اپنے قیام کے دوران لاہور کی روایتی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گی، اس کیلیے حکومت پنجاب نے تمام تر وسائل مہیا کیے ہیں۔ انھوں نے مختلف کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھیں ہدایت کی کہ فرائض پوری ایمانداری سے انجام دیں تاکہ دنیا کو پاکستان کا سافٹ امیج دکھایا جا سکے۔ بعدازاں ڈی جی اسپورٹس نے پنجاب اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں ٹیموں اور شائقین کیلیے سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔