یوٹرن کرتے کرتے وزیراعظم بن گیا ہوں،عمران خان

ویب ڈیسک  پير 26 اگست 2019
ہماری حکومت کی ترجیح تعلیم ہے،وزیراعظم عمران خان فوٹو: فائل

ہماری حکومت کی ترجیح تعلیم ہے،وزیراعظم عمران خان فوٹو: فائل

صوابی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگ کہتے ہیں آپ یوٹرن کرتے ہیں لیکن یوٹرن کرتے کرتے وزیراعظم بن گیا ہوں۔

غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ صوابی میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح تعلیم ہے، یونیورسٹی کا معیار جتنا اچھا ہوگا اتنے زیادہ طلبہ آئیں گے، یونیورسٹی پر بھی ملک کی طرح برا وقت آتا ہے، تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے، فنڈز ہوں یا نہ ہوں اپنے معیار کو کم نہیں ہونے دینا، ہم نے شوکت خانم اسپتال کے معیار کو کبھی گرنے نہیں دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر انسان کے رول ماڈلز ہوتے ہیں اور ہر مسلمان کے رول ماڈل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، جن کا کوئی ثانی نہیں، ریاست مدینہ اور سیرت نبوی ﷺ پر تحقیق ہونی چاہیے، مسلمانوں نے برسوں دنیا کی قیادت کی، بدقسمتی سے آج دین ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جن کو اس کی سمجھ ہی نہیں۔ زندگی میں سکون کھونا چاہتے ہیں تو پیسہ بنانا اپنا مقصد بنا لیں، تاریخ اسے یاد رکھتی ہے جو انسانوں کے لئے کچھ کرتا ہے، آج اولیا اللہ کے مزاروں پر لاکھوں لوگ جاتے ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آرایس ایس کا نظریہ مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنانا ہے۔ قائداعظم آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی سمجھ گئے تھے، پاکستان نہ بنتا تو ہمارے ساتھ وہ ہونا تھا جو آج کشمیر اور ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے، ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں میں نے خود کو کشمیر کے سفیر کا درجہ دیا ہے، کشمیر کے لوگوں سے وعدہ ہے دنیا بھر میں ہر فورم پر کشمیر کا کیس لڑوں گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب میں بور ہوتا ہوں تو ٹی وی پر اپنے مخالفین کو سن لیتا ہوں،  لوگ کہتے ہیں آپ یوٹرن کرتے ہیں لیکن یوٹرن کرتے کرتے وزیراعظم بن گیا ہوں، میں اپنے ویژن سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا، جس دن میں نے ان کو این آر او دیا تو میں اپنے وژن پر سمجھوتہ کرجاؤں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔