میکسیکو میں حملہ آوروں نے بار کو آگ لگادی  23 افراد جھلس کر ہلاک

حملہ آوروں نے بار کے اندر پٹرول بم پھینک کر داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا


ویب ڈیسک August 28, 2019
گزشتہ 8 برس میں کسی بار یا کیسینو پر حملے کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے (فوٹو : ٹویٹر)

PESHAWAR: میکسیکو میں حملہ آوروں نے ایک بار پر حملہ کرکے آگ لگادی جس کے نتیجے میں 8 خواتین سمیت 23 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ 13 زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے جنوبی علاقے میں واقع ' بار کابالو بلانکو' پر رات گئے مسلح افراد نے حملہ کردیا اور بار کے اندر پٹرول بم پھینک کر آگ لگادی، حملہ آوروں نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کردیا جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران 23 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 15 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں جب کہ 13 افراد زخمی ہیں جن میں 4 حالت کی نازک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور بار کو نذر آتش کرنے کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ یہ 8 سال بعد دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ 2011ء میں ایک کیسینو پر حملے میں 52 افراد مارے گئے تھے۔