انڈر 16 فٹبال یو اے ای نے پاکستان کو زیر کرلیا

ایران نے سری لنکا کو 8 گول سے شکست دی۔


Sports Reporter September 26, 2013
ایران نے سری لنکا کو 8 گول سے شکست دی،پنجاب اسٹیڈیم میں کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے،آج آرام کا دن۔ فوٹو: فائل

اے ایف سی انڈر16فٹبال چیمپئن شپ میں متحدہ عرب امارات نے میزبان پاکستان کو2-0 سے زیر کر لیا۔

ایران نے سری لنکا کو صفر کے مقابلے میں8گول سے شکست دی، لاہور میں گذشتہ روز شروع ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹ کے میچزدیکھنے کیلیے پنجاب اسٹیڈیم میں سابق کرکٹ کپتان جاویدمیانداد، پنجاب اسپورٹس بورڈ اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عہدیداروں سمیت شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ چیمپئن شپ کے پہلے روزپاکستانی ٹیم فلڈ لائٹس میں یو اے ای کیخلاف عمدہ کھیل پیش نہ کر سکی، گوکہ پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا مگر وقفے کے بعد مہمان سائیڈ نے 2بار گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔

میزبان پلیئرز تھکاوٹ کا شکار نظر آئے جس کا متحدہ عرب امارات نے بھر پور فائدہ اٹھایا،70 ویں منٹ میں فیصل احمد نے فیلڈ گول کرکے اسکور1-0 کیا، دوسرا گول88 ویں منٹ میں عیسیٰ محمد نے بنایا،اس سے قبل ایران اور سری لنکا کا میچ یکطرفہ ثابت ہوا، فاتح ٹیم پورے مقابلے میں چھائی رہی، کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل سے حریف کو بے بس کر دیا اور میچ کی بازی 8-0 سے اپنے نام کی، ایران نے پہلے ہاف میں5 جبکہ دوسرے میں 3 گول کیے۔



کپتان مختاری نے 2، دارزی ، سکاری ، کریمی ، رضا دیگانی اور علی خدادی نے ایک، ایک گول بنایا۔ میچ کے بعد فاتح کوچ احمد رضا امن پور نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایونٹ کا پہلا میچ کسی بھی ٹیم کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ ٹیم نے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے میچ سے قبل اٹیکنگ کھیلنے کی حکمت عملی بنائی جس پر کھلاڑیوں نے پوری طرح عمل کرتے ہوئے گول کرنے کے مواقع سے فائدہ اٹھایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایونٹ میں شریک کسی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے اور اگلے2 میچز میں بھی پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

سری لنکن کوچ نمل نے کہا کہ ایرانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم 2 کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے ہماری کارکردگی شدید متاثر ہوئی، بقیہ میچز میں عمدہ پرفارمنس سے ایونٹ میں کامیابی کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں کھیل کے لیے سازگار ماحول مہیا کیا گیا جس پر حکومت اورعوام کے بیحد مشکور ہیں۔ جمعرات کو آرام کے دن کی وجہ سے چیمپئن شپ کا کوئی میچ نہیں ہوگا جبکہ جمعے کو مزید 2 مقابلے ہوں گے، پنجاب اسٹیڈیم میں پہلا میچ شام چار بجے پاکستان اور ایران جبکہ دوسرا سات بجے سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے مابین کھیلا جائے گا۔