قومی رینکنگ اسنوکر سیمی فائنل میں عمران شہزاد ناکام

شاہد آفتاب آج ٹرافی کیلیے عبدالستار سے مقابلہ کریں گے، محمد بلال کو بھی شکست


Sports Reporter September 26, 2013
شاہد آفتاب آج ٹرافی کیلیے عبدالستار سے مقابلہ کریں گے، محمد بلال کو بھی شکست۔ فوٹو: فائل

سابق قومی چیمپئن شاہد آفتاب ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ٹاپ سیڈ عمران شہزاد کو6-3 سے شکست دے کر تیسری قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔

جمعرات کو ٹرافی کیلیے ان کا مقابلہ سندھ کے سابق چیمپئن عبدالستار سے ہوگا، انھوں نے دوسرے سیمی فائنل میںقومی نمبر20 محمد بلال کو6-2 سے زیر کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی ہوٹل میں جاری 1لاکھ 65ہزار روپے مالیت کی چیمپئن شپ کے9 فریمز پر مشتمل سیمی فائنل میں 2 گھنٹے 50 منٹ کے مقابلے میں قومی نمبر1پنجاب کے عمران شہزاد شکست کھا بیٹھے،کوارٹر فائنل میں عالمی چیمپئن محمد آصف کو زیر کرنے والے لاہور کے عمران شہزاد کے خلاف شاہد نے ابتدائی2فریمز اپنے نام کیے مگر عمران نے اگلے دونوں فریمز جیت کر مقابلہ برابر کردیا،شاہد نے اپنے حریف کو اگلے تینوں فریمز میں مات دی تو مقابلہ ان کے حق میں5-2 ہوگیا۔



ٹاپ سیڈ نے کھیل میں واپس آنے کی آخری کوشش کرتے ہوئے 8واں فریم جیت لیا لیکن اگلے فریم میں شاہد نے 56-03سے کامیابی حاصل کرکے6-3 کی واضح برتری کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی، سیمی فائنل میں کوالیفائی کرکے آئی بی ایس ایف عالمی 6 ریڈ اینڈ ٹیم چیمپئن شپ کی قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے عمران شہزاد ایونٹ سے باہر ہونے کے باوجود30 ہزار روپے کی انعامی رقم حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، دوسرے سیمی فائنل میں عبدالستار(سندھ) نے محمد بلال (پنجاب) کو6-2سے شکست دی، 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے دوسرے فریم میں مقابلہ1-1 سے برابر ہونے کے بعد کامیاب کیوئسٹ نے اگلے تینوں فریمز میں4-1کی برتری حاصل کرلی، چھٹا فریم حریف کے نام رہا لیکن عبدالستار نے اگلے دونوں فریمز میں کامیابی پاکر6-2کی فیصلہ کن برتری کے ساتھ وننگ ٹرافی پر نظریں جما لیں، فائنل 15 فریمز پر مشتمل ہوگا،چیمپئن شپ کا فاتح70 ہزار اور رنر اپ40 ہزار روپے وصول کرے گا۔