صوفیہ مرزا نے اپنے خلاف منی لانڈرنگ اور نیب تحقیقات کا الزام مسترد کردیا

ویب ڈیسک  پير 2 ستمبر 2019
میرے سابق شوہر نے میرے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کی شعوری کوشش کی ہے، صوفیہ مرزا

میرے سابق شوہر نے میرے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کی شعوری کوشش کی ہے، صوفیہ مرزا

 لاہور: ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا نے مختلف  ویب سائٹس پر جاری خبر کی تردید کی ہے جس میں ان پر منی لانڈرنگ اور نیب کے خلاف تحقیقات کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔

صوفیہ مرزا نے ان تمام الزامات اور خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا  کہ یہ ان کے سابق شوہر کا پروپگینڈا ہے جو اس وقت ناروے میں رہائش پذیر ہیں اور سابق شوہر نے انہیں بدنام کرنے کے لیے یہ افواہیں پھیلائی ہیں۔

ماڈل واداکارہ کا کہنا تھا کہ  سابق شوہر نے میرے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کی شعوری کوشش کی ہے تاکہ جائیداد اور بچوں کے متعلق متوقع فیصلہ اس کے حق میں ہموار ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب سمیت کوئی ادارہ ان سے تفتیش نہیں کررہا ہے۔

واضح رہے کہ میڈیا پر خبریں زیرگردش تھیں کہ نیب کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو ایک درخواست بھیجی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  خوش بخت عرف صوفیہ مرزا مبینہ طور پر منی لا نڈرنگ میں ملوث ہیں، نیب پہلے ہی اس معاملے پر نوٹس لے چکا ہے اوراب ایف آئی اے  بھی اس ضمن میں فوری طور پر کارروائی کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔