شجرکاری جنگلات کی قلت اور موسمی تبدیلیاں

جنگلات کے رقبے میں اضافے سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کی جا سکے گی


Editorial August 30, 2012
ملک میں ہر سال دو مرتبہ شجرکاری مہم چلائی جاتی ہے‘ پہلی مہم موسم بہار کے آغاز میں جبکہ دوسری مہم برسات کے موسم میں چلائی جاتی ہے۔ فوٹو: فائل

وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ایوان وزیر اعظم میں پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سرسبز ماحول صحت مند قوم کے لیے ضروری ہے۔ سربراہ حکومت نے جن خیالات کا اظہار کیا ان کے صائب ہونے میں کوئی شبہ نہیں ہے' درخت ماحول کو ہی صاف نہیں رکھتے بلکہ ایندھن اور دیگر ضروریات کے لیے لکڑی بھی مہیا کرتے ہیں تاہم یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ ہمارے ملک میں جنگلات کی شرح عالمی معیار سے کافی کم ہے جس کے اثرات انسانی معاشرت اور ماحول پر ہی نہیں اس علاقے کے موسموں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ ہمارے ملک میں ہر سال دو مرتبہ شجرکاری مہم چلائی جاتی ہے' پہلی مہم موسم بہار کے آغاز میں جبکہ دوسری مہم برسات کے موسم میں چلائی جاتی ہے۔

ان مہمات میں لاکھوں بلکہ کروڑوں پودے لگانے کا دعویٰ کیا جاتا ہے اس کے باوجود یہاں جنگلات کا رقبہ بڑھنے کے بجائے مسلسل کم ہو رہا ہے ہمارے خیال میں جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان مہمات کے دوران اتنی تعداد میں پودے نہیں لگائے جاتے جتنی تعداد میں لگائے جانے کا دعویٰ کیا جاتا ہے یعنی ان کی اصل تعداد بیان کی گئی تعداد سے کم ہوتی ہے۔ دوسرا سبب یہ ہے کہ جو پودے لگائے جاتے ہیں ان کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام نہیں ہوتا چنانچہ کچھ تو مویشی چر جاتے ہیں باقی بروقت پانی نہ ملنے کی وجہ سے مرجھا اور سوکھ کر ختم ہو جاتے ہیں۔

چنانچہ یہ بالکل واضح ہے کہ اگر شجرکاری مہمات کے دوران لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت کا انتظام کر دیا جائے تو اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے' یعنی ہمارے ملک میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ ہونا شروع ہو جائے گا تاہم اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ یہ اضافہ اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتا جب تک جنگلات کی کٹائی کی رفتار کم نہیں کی جاتی چنانچہ حکومت جہاں ہر سال دو بار شجرکاری مہم کا اہتمام کرتی ہے وہاں اسے چاہیے کہ جنگلات کی بے جا کٹائی روکنے کا بندوبست بھی کرے۔ جنگلات کے رقبے میں اضافے سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کی جا سکے گی بلکہ یہاں کے موسموں کو بھی زیادہ انسان دوست بنانا ممکن ہو سکے گا۔