آپریشن اطلاعات کی بنیاد پر ہو رہا ہے کسی سے زیادتی نہیں کی جائیگی آئی جی سندھ

محکمے سے کالی بھیڑوں کا صفایا کردیا جائے گا،دیگر صوبوں کی پولیس سے مکمل رابطے میں ہیں


Staff Reporter September 28, 2013
رزاق آبادپولیس ٹریننگ سینٹرمیں پاسنگ آؤٹ پریڈکے موقع پرآئی جی سندھ ، کمانڈنٹ اے آئی جی کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں ۔ فوٹو : محمد نعمان/ ایکسپریس

آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کے دوران کسی سے رعایت ہوگی اور نہ ہی کسی کے ساتھ زیادتی کی جائے گی ۔

اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا جارہا ہے، محکمے سے کالی بھیڑوں کا صفایا کردیا جائے گا ، یہ بات انھوں نے گزشتہ روز پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں ایلیٹ پولیس کورس کے 28 ویں اور پولیس ایگلیٹ کورس کے 19 ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں 383 ایلیٹس اور 636 ایگلیٹس پاس آؤٹ ہوئے جن میں 10 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

آئی جی سندھ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، انھوں نے کہا کہ کراچی کے ملزمان دیگر صوبوں سے پکڑے جارہے ہیں، سندھ پولیس پنجاب اور دیگر صوبوں کی پولیس سے بھی مکمل طور پر رابطے میں ہے، ایک سوال کے جواب میں آئی جی نے کہا کہ آپریشن صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیا جارہا ہے ۔



اس دوران کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کسی کے ساتھ زیادتی ہونے دیں گے ، قبل ازیں سینٹر کے کمانڈنٹ مقصود احمد نے سپاس نامہ پیش کیا ، اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ یہ سینٹر 1990 میں قائم کیا گیا ۔

جس کا مقصد سندھ پولیس کے افسران و جوانوں کو ملک بالخصوص سندھ میں موجودہ دہشت گردی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم کی سرکوبی کے لیے جدید معیار کے مطابق تربیت دینا ہے، سینٹر میں وی وی آئی پی سیکیورٹی، وائٹل انسٹالیشن سیکیورٹی، خود کش حملے اور بم دھماکے سے بچاؤ کے طریقے، اسٹریٹ کرائم اور اعصاب شکن حالات میں مقابلہ کرنے کی تربیت بھی دی جاتی ہے، بعدازاں ٹریننگ کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیے گئے ۔