اے ایف سی انڈر 16 کوالیفائرز پاکستان مین راؤنڈ سے باہر

یواے ای کے بعد ایران نے بھی 2-0 سے مات دیکر میزبان ٹیم کا قصہ تمام کردیا


Sports Reporter September 28, 2013
سری لنکا کیخلاف متحدہ عرب امارات کی 6گول سے کامیابی۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم اے ایف سی انڈر 16 کوالیفائرز کے مین راؤنڈ سے باہر ہوگئی، یواے ای کے بعد ایران نے بھی گرین شرٹس کو 2-0 سے مات دیدی۔

دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات نے سری لنکا کو6 گول سے زیر کرلیا۔ پنچاب اسٹیڈیم لاہور میں جاری اے ایف سی انڈر 16 فٹبال کوالیفائرز میں پاکستان کیخلاف ایران کی طرف سے پہلا گول نیما مختاری نے پہلے ہاف میں اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ دوسرے ہاف میںمحمد شمسی نے گول کرکے مقابلہ 2-0 کردیا۔ اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن فارورڈ لائن ان سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔ پنجاب اسٹیڈیم میں ایونٹ کے دوسرے روز بھی شائقین کی بڑی تعداد میچ سے لطف اندوز ہوئی جس میں خواتین اور بچوں کی اکثریت تھی ۔ پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں پاکستان کے مڈ فیلڈر فیصل حسن کو ریفری نے خطرناک فائول کرنے پر یلو کارڈ دکھا دیا۔

شائقین نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ساتھ ایرانی ٹیم کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ہر اچھی مووز پر تالیاں بجاکر کھلاڑیوں کو داد دیتے رہے۔ میچ کے مہمان خصوصی پاکستان فٹبال فیڈریشن کی کانگریس کے رکن سعید خان کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔میچ کے پہلے ہاف کے دوران ہونے والی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا اور شائقین میچ کے ساتھ ساتھ موسم سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ حکومت پنجاب کے تعاون سے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کیلیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سیکیورٹی اہلکار بھی مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔ میچ کے بعد ایرانی ٹیم کے کوچ مصطفٰی غانبر نے کہاکہ پاکستان کی ٹیم نے بھی قدرے بہتر کھیل پیش اور فیئر پلے کیا اور ہمارے کھلاڑیوں کوکم گول کرنے کے مواقع دیے۔



انھوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے خلاف اگلے میچ کی تیاری کیلیے ان کے کھلاڑیوں کی کمزوریاں نوٹ کر رکھی ہیں اورمیچ جیتنے کی پلاننگ سے کھیلیں گے اور ایونٹ جیت کرفائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ قومی ٹیم کے کوچ سجاد محمود نے کہا کہ ایران اور یو اے ای کی ٹیمیں رینکنگ میں ہم سے بہتر ہیں، اس سے قبل ہماری ٹیم زیادہ بڑے مارجن سے ہارتی تھی تاہم اب شکست کا مارجن خاصا کم ہوگیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے اگر کھلاڑیوں کوزیادہ کیمپس اورمیچز ملیں گے تو اعتماد آئے گا اور وہ گول بھی اسکور کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ریجن میں کوئی بھی ٹیم ایران اور متحدہ عرب امارات کے پائے کی نہیں تاہم اگر قومی ٹیم اسی طرح پرفارم کرتی رہی تو اس کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ چیمپئن شپ کے تیسرے اور آخری روز 29 اکتوبر کو مزید 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ شام چاربجے ایران اور متحدہ عرب امارات جبکہ دوسرا میچ شام سات بجے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ ایران کی ٹیم اب تک کھیلے گئے دونوں میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ہے اور اگلے میچ میں اس کا مقابلہ یواے ای سے ہونا ہے۔ ایرانی ٹیم کے اگلے برس تھائی لینڈ میں ہونے والے مین رائونڈ میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہیں۔ جمعہ کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں یواے ای نے سری لنکا کو 6-0 سے ہرادیا، فاتح سائیڈ نے پہلے ہاف میں4 اور دوسرے میں2 گول داغے۔