بلدیہ عظمیٰ افسران کی دفاتر کے تالے توڑ کر چارج سنبھالنے کی نئی روایت

محمد قاسم کی ڈائریکٹر لینڈ تعیناتی کا حکمنامہ جاری،رفیق احمد کاچارج چھوڑنے سے انکار


Staff Reporter September 28, 2013
قاسم ڈائریکٹر لینڈ کے دفتر کا تالا توڑ کرڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ کی کرسی پر براجمان ہوگئے۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر کی ادارے کے انتظامی معاملات پر کمزور گرفت کے باعث تبادلے کیے جانیوالے افسران کی دفاتر کے تالے توڑ کر چارج سنبھالنے کی نئی روایت قائم ہوتی جارہی ہے۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد قاسم کی بحیثیت ڈائریکٹر لینڈ تعیناتی کا حکمنامہ جاری کیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کے حکم پر جاری کردہ اس حکمنامے پر ڈائریکٹر لینڈ کے عہدے پر تعینات رفیق احمد نے چارج چھوڑنے سے انکار کردیا وہ اپنے دفتر میں تالا لگا کر چابی بھی اپنے ساتھ لے گئے جس پر جمعے کو محمد قاسم نے ڈائریکٹر لینڈ کے دفتر کا تالا توڑ دیا اور کمرے میں داخل ہوگئے، ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ کی کرسی پر براجمان ہوگئے، محمد قاسم کے تبادلے کا حکمنامہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے جاری کیا تھا تاہم اس تبادلے پر سینئر ڈائریکٹر لینڈ بلال منظر کو بعض تحفظات تھے۔



ادھر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جب بلال منظر کو ڈائریکٹر لینڈ تعینات کیا گیا تھا تو اس وقت کے ڈائریکٹر لینڈ نے چارج چھوڑنے سے انکار کردیا جس پر بلال منظر بھی تالا توڑ کر دفتر میں داخل ہوئے تھے اور بعدازاں کمرے کے تالے تبدیل کرادیے تھے، بلدیہ عظمیٰ میں اس نوعیت کے مختلف واقعات ہوچکے ہیں، ذرائع کا کہنا کہ ان واقعات کی بنیادی وجہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کی انتظامی معاملات میں کمزور گرفت ہے جس کے باعث مسائل پیدا ہورہے ہیں، ذرائع کا کہنا کہ بلدیہ عظمیٰ اس نوعیت کی مثالیں ماضی میں نہیں ملتیں تبادلہ کیا جانے والا آفیسر تالا لگاکر چلاگیا اور دوسرے آفیسر نے آکر تالا توڑ دیا ہو۔