نہیں معلوم سری لنکا ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، سرفراز احمد

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2019
سری لنکا میں دہشتگردی کا بڑا واقعہ ہوا اس کے باوجود ہماری انڈر 19 ٹیم وہاں گئی، کپتان قومی ٹیم

سری لنکا میں دہشتگردی کا بڑا واقعہ ہوا اس کے باوجود ہماری انڈر 19 ٹیم وہاں گئی، کپتان قومی ٹیم

کراچی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی ایشو نہیں اور سری لنکا ٹیم کو کہوں گا وہ یہاں آکر کھیلے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کرکٹ ٹیم کے کپتان کرکٹر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم روزانہ پریکٹس کررہی ہے، ڈومیسٹک اسٹرکچر تبدیل ہوا ہے اس سسٹم کو وقت دینا ہوگا، اس سے مستقبل میں فائدہ ہوگا جب کہ جن کھلاڑیوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور اس بارے میں وہی بتاسکتے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ مسلسل 5 دن ہوتی ہے یہ آسان نہیں ہوتی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشل کرکٹ کی واپسی کیلیے بہت کوششیں کی ہیں، آئی سی سی اور دیگر ممالک کے بورڈز کو پاکستان کو سپورٹ کرنا چاہیے، ہم نے دوسرے ممالک کو سپورٹ کیا دوسرے ممالک بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے کردار ادا کریں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ نہیں معلوم سری لنکا ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے مگر سری لنکا میں دہشتگردی کا بڑا واقعہ ہوا اس کے باوجود ہماری انڈر 19 ٹیم وہاں گئی اور اچھے کی امید ہےرکھنی چاہے امید ہے سری لنکا ٹیم کے ساتھ شیڈول کے مطابق ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار بال خراب ہو جاتا ہے کوکا بورا کا استعمال اچھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔