بورڈ سیکریٹری کی قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل

نگران چیئرمین نجم سیٹھی کی دبئی سے واپسی کے بعد لاہور میں عہدہ سنبھالیں گے


Sports Reporter October 01, 2013
پی سی بی ملازمین میں مستقبل کے حوالے سے تشویش کی لہربرقرار، فہرست طلب فوٹو: فائل

پی سی بی کے نو منتخب سیکریٹری امیر طارق زمان نے پیر کو وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کے ایڈمن اور لیگل ونگ کے سربراہان کے ساتھ مشاورت مکمل کرلی، چیئرمین نجم سیٹھی کی دبئی سے واپسی کے بعد وہ عہدہ سنبھالیں گے،دوسری طرف پی سی بی کے ملازمین میں مستقبل کے حوالے سے تشویش کی لہر برقرار ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر طارق زمان جلد عہدہ سنبھالنے والے ہیں، انھیں نگران چیئرمین نجم سیٹھی کی دبئی سے وطن واپسی کا انتظار ہے، بورڈ کے ایڈمن ونگ نے ان کے دفتر کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا، ان کے ساتھ وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کے لیگل ایڈوائزر محمد عرفان اﷲ خان بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں واقع پی سی بی ہیڈ کوارٹرز پہنچیں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ امیر طارق زمان نے بورڈ ملازمین کی فہرست بذریعہ ای میل منگوانے کیلیے کہا تھا۔



اس مقصد کیلیے سیکریٹری کے پرسنل اسسٹنٹ نے بورڈ کے ڈائریکٹر ایچ آر کو ٹیلی فون کیا تو فوری رابطہ نہ ہو سکا، ڈیڑھ گھنٹہ گزرنے کے بعد ان سے بات ہوئی تو امیر طارق زمان نے کہا کہ دیگر فرائض کی ادائیگی احسن اقدام لیکن دفتری امور کو بروقت مکمل کرنا بھی عبادت ہے۔ پی سی بی کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر بورڈ میں غیر قانونی اور غیر ضروری بھرتیوں سمیت اہم امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کے بعد ایچ آر اور دیگر شعبوں سے بریفنگ لی جائے گی۔دوسری طرف بورڈ حکام نے نئے سیکریٹری کے استقبال کیلیے بھر پور تیاریاں مکمل کرلی ہیں، البتہ مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال نے ملازمین کی بڑی تعداد کو تشویش کا شکار کیا ہوا ہے۔